ماہ صیام میں راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر میں 25 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے

ضلع راولپنڈی میں 16 ، اٹک میں 6 ،ضلع چکوال میں 5 اور جہلم میں 5 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے،کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود

بدھ 1 جون 2016 21:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جون۔2016ء ) ماہ صیام کے دوران راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع اور تحصیلوں میں مجموعی طور پر میں 25 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے، ضلع راولپنڈی میں 16 ، ضلع اٹک میں 6 ضلع چکوال میں 5 اور جہلم میں 5 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے بدھ کو ویڈیولنک کے ذریعے اٹک ، جہلم اور چکوال کے اضلاع کے ڈی سی اوز کے اجلاس میں رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق سستے رمضان بازاروں میں شہریوں کو سستے داموں روزانہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی ، ناجائز منافع خوری کی روک تھام ، مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت، سیکورٹی اور دیگر امور کے بارے میں فول پروف انتظامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی نے کہاکہ سستے رمضان بازاروں میں دس کلو آٹے کا تھیلہ 290 روپے کے حساب سے فروخت کیا جائے گا، چینی مارکیٹ سے 8 روپے سستی اور گھی 10 روپے سستا دستیاب ہوگا۔ محکمہ زراعت کی طرف سے لگائے جانے والوں اسٹالوں میں دالیں ، بیسن ، کھجورریں مارکیٹ سے 10 روپے سستی ملیں گی۔ کمشنر راولپنڈی عظمت محمود نے کہاکہ تمام سستے رمضان بازاروں میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر پہلی مرتبہ 55 انچ کی بڑی ایل سی ڈیز نصب کی جائیں گی جہاں اشیاء صرف کے نرخنامے ڈسپلے کئے جائیں گے تاکہ خریداری کے لئے آنے والوں کو اشیاء کے نرخنامے واضح طور پر دکھائی دے سکیں۔

معذور افراد کے لئے ویل چیئرز رکھیں جائیں گی ، بزرگ شہریوں اور خواتین کے بیٹھنے کی جگہیں مخصوص کی جائیں گی،سستے رمضان بازاروں میں پبلک ٹوائلٹس بنائے جائیں گے ، کمپلینٹ سیل بنایا جائے گا الیکٹرانک بورڈ نصب کیا جائے گا اور برقی رو بحال رکھنے کے لئے جنریٹر کا بھی انتظام کیا جائے گا۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ڈی سی اوز اپنے اضلاع کے سستے رمضان بازاوں کے ہفتہ وار جائزے کے بعد اشیاء کے نئے نرخنامے جاری کریں گے اور پرائس مجسٹریٹس اشیاء کے مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں گے اور گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کی شکائیات پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں سیکورٹی کی صورت حال پر نظر رکھنے کے لئے کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے۔