موجودہ حکومت تجارت اور صنعت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے‘رفیق رجوانہ

عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے حکومت اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے‘ گورنر پنجاب کا اجلاس سے خطاب

بدھ 1 جون 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء ) گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ قومی ترقی کا پہیہ صنعت و تجارت سے جڑا ہوا ہے اور موجودہ حکومت تجارت اور صنعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے،ملکی معیشت کی مضبوطی میں تاجر برادری کا کردارقابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین رحمان عزیز چن، معروف صنعت کار افتخار علی ملک اور صوبے کے مختلف شہروں کے چیمبرز سے تعلق رکھنے والے چیئرمن و ممبران موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنا کام عبادت سمجھ کر سرانجام دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کے لئے حکومت اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمیں توانائی کے بحران سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے لیکن موجودہ حکومت کی مدبرانہ پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت میں نہ صرف استحکام آرہا ہے بلکہ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری تاجر برادی نامساعد حالات کے باوجود معیشت کا پہیہ رواں رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں بہت سی آسانیا ں پیدا کی جارہی ہیں۔

گورنر پنجاب نے سی پیک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے خطے میں ایک نئی ترقی کا آغاز ہوگا جس سے نہ صرف ملکی سطح پر ترقی دیکھنے میں آئے گی بلکہ اس سے کئی بین الاقوامی ممالک بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین رحمان عزیز چن ، معروف صنعت کار افتخار علی ملک نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں گورنر پنجاب کو بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت تاجر برادی کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :