ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی نگرانی یقینی بنانے کا فیصلہ

بدھ 1 جون 2016 19:27

اسلام آباد ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی نگرانی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالہ سے اجلاس بدھ کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آنے والے رمضان المبارک کے دوران معیاری اشیاء خوردنی کی سستے داموں فروخت یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے حکام، سی ڈی اے کے افسران، مختلف یونین کے نمائندوں سمیت پولیس کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اشیاء خوردونوش کی معیاری اور سستے داموں فروخت یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد، پولیس، تمام فوڈ کمیٹیوں کی یونینز اور سی ڈی اے مل کر کارروائی کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے جی سکس، ایچ نائن اور آئی نائن میں سستے بازار لگائے گی۔

اس طرح ضلعی انتظامیہ ترلائی، بہارہ کہو اور پاکستان ٹاؤن میں سستے بازار لگائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دودھ کی 80 روپے فی لٹر اور دہی 100 روپے فی کلو کے حساب سے فراہمی یقینی بنائے جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر معیاری اشیاء خوردونوش پر پابندی ہو گی جبکہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی خریداری میں مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :