پیمرا کا 114واں اجلاس ،ڈی ٹی ایچ کی لائسنسنگ کے عمل کو شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی

تفصیلی لائحہ عمل کا اعلان ڈی ٹی ایچ سے متعلقہ ریگولیشیز کی گزٹ نوٹیفکیشنز کے بعد کیا جائے گا

بدھ 1 جون 2016 19:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جون۔2016ء) میڈیا کی ترقی اور ترویج میں ایک اہم سنگ میل کی طرف بڑھتے ہوئے پیمرا نے بدھ کے روز ہونے والے 114ویں اجلاس میں ڈی ٹی ایچ کی لائسنسنگ کے عمل کو شروع کرنے کی اجازت دیدی ۔ ڈی ٹی ایچ کے ذریعے نہ صرف صارفین کو اعلیٰ معیار کا جدید نظام میسر ہو گا بلکہ سرمایہ کاری کے بھی بے شمار مواقع میسرہوں گے اورنوجوانوں کے لیے بہتر اور با عزت روزگار یقینی بنے گا۔

ڈی ٹی ایچ کے عمل کی منظوری ادارے کے افسران پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات، قانونی مشاورتی رپورٹ اور عوامی مشاورت کے نتیجے میں حاصل شدہ سفارشات کی روشنی میں دی گئی۔ اس ضمن میں تفصیلی لائحہ عمل کا اعلان ڈی ٹی ایچ سے متعلقہ ریگولیشیز کی گزٹ نوٹیفکیشنز کے بعد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پیمرا ڈی ٹی ایچ کے عمل کو حد درجہ شفاف بنانے کے لیے سر گرم عمل ہے اور اس ضمن میں میڈیا، نیب، ایف آئی اے اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندگان کو عمل کے آغاز سے ہی شامل کرے گا۔

اس سلسلے میں چیئرمین پیمرا نے ان تمام اداروں کے سربراہوں کو اپنے اپنے اداروں کے نمائندوں کی نامزدگی کے لیے خطوط لکھ دیے ہیں۔اتھارٹی نے میسرز فارچون مارکیٹنگ پرائیویٹ لمٹیڈ کے چینل "دن نیوز" کا لائسنس سالانہ تجدیدی فیس کو سال ہا سال سے جمع نہ کروانے کی پاداش پر معطل کر نے کی بھی منظوری دی لائسنس فیس اور دیگرواجبات جمع کروانے کے لیے دن نیوز چینل کو بار ہا مواقع فراہم کیے گئے تا ہم کوئی مثبت جواب موصول نہ ہوا۔

اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مواد نشر کرنے پر بھی دن نیوز چینل کو شو کاز نوٹسز، وارننگز اور جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے تاہم پیمرا کی متعدد بار یاد دہانی کے باوجود دن نیوز نے ابھی تک یہ جرمانے ادا نہیں کیے جس کی بنیاد پرپیمرا نے دن نیوز کا لائسنس فوری طور پر معطل کرنے کی منظوری دی ہے۔چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی زِیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات عمران گردیزی ، سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ ، محترمہ شاہین حبیب الله(ممبر خیبرپختونخوا)اور محترمہ نرگس ناصر (ممبر پنجاب) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :