گاڑیوں بالخصوص لوڈرز کوایک ہفتے میں درست کر کے آن روڈ کیا جائے،ایڈمنسٹریٹربلدیہ شرقی

بدھ 1 جون 2016 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے کہا ہے کہ ورکشاپ کو سہولیات سے آراستہ کیا جائے گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال و مرمت کے لئے تمام ضروری اشیاء کی موجود گی کو یقینی بنایا جائے ، خراب گاڑیوں بالخصوص لوڈرز کو ایک ہفتے میں درست کرکے آن روڈ کیا جائے ، اس موقع پر ان کے ہمراہ قائم مقام سپرنٹینڈنگ انجینئر مبین شیخ ، سینئرڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اقبال احمد، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اعجاز شیخ و دیگر افسران موجود تھے۔

انہوں نے نیپا ورکشاپ کے تفصیلی معائنے کے دوران مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے امور میں مزید بہتری درکار ہے لہذا فوری طور پر کچرا گاڑیوں کی درستگی کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈرائیورز و موٹر قلی صا حبان اپنے فرائض کو صحیح طریقے سے انجام دیں ، ضرورت اس امر کی ہے کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے انھوں نے کہا کہ خراب گاڑیوں کی درستگی میں تاخیر درست نہیں ، میں خود ایک ہفتے میں آکر معاملات دیکھوں گا، انھوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی آمد اور باہر جاتے وقت گاڑیوں کی فٹنس پر نظر رکھی جائے جو بھی گاڑی معمولی نوعیت کی خراب ہو اسے فوری طور پر درست کیا جائے جب کہ مرمت ہونے والی گاڑیوں کو ایک ہفتے میں درست کر کے آن روڈ کیا جائے اس موقع پر سپرنٹینڈنگ انجینئر بلدیہ شرقی مبین شیخ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کو گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتا یا کہ زون کی ضروریات کے مطابق گاڑیوں کا بہتر استعمال کیا جا رہاہے اورمزید بہتری کی گنجائش ہے۔

متعلقہ عنوان :