مرغزار چڑیا گھر میں افریقی شیروں کا جوڑا شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا

بدھ 1 جون 2016 14:42

اسلام آباد ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) مرغزار چڑیا گھر میں افریقی شیروں کا جوڑا شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ‘وفاقی درالحکومت کے شہری اور دیہی علاقوں کے علاوہ جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے فیملز کی بڑی تعداد نے سی ڈی اے کے اس اقدام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مزید غیر ملکی شیروں سمیت اس نوعیت کے دیگر جانوروں کا اضافہ کیا جائے ۔

مرغزار چڑیا گھر میں فیملی کے ہمراہ آنیوالے شہری طارق محمود نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ چڑیا گھر میں شیروں کے جوڑے کے آنے سے رونق بڑی ہے، جس سے بچے خوف لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام ن سے مطالبہ کیا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی تعداد بہت کم ہے، انہیں مزید جانوروں کو یہاں پر لانا چاہیے تا کہ سیر کے لئے دور دراز سے آنے والے شہری اس سے محظوظ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی سے آنے والے شہریوں علی مراد ، کامران علی اور صفدر حسین نے بتایا کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی کمی کی وجہ سے شہریوں نے یہاں آنا چھوڑ دیا تھا تاہم شیروں کے آنے کی وجہ سے چڑیا گھر میں تھوڑی سی رونق آئی ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں مزید جانور لائے جائیں تا کہ بچے اس چڑیا گھر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق مرغزار چڑیا گھرمیں شیروں کا جوڑا حکومت پنجاب سے پرندوں اور جا نوروں کے تبادلے کے پروگرام کے تحت حا صل کی گیا ہے جبکہ سری لنکا کی حکومت کے ساتھ ایک ہا تھی لانے کے لئے بھی بات چیت حتمی مرا حل میں داخل ہوگئی ہے ‘ہماری کوشش ہے کہ اس چڑیا گھر کو سٹیٹ آف دی آرٹ چڑیا گھر بنا یا جائے جس میں دنیا بھر کے جانور ہوں ۔

انہوں نے بتا یا کہ مر غزار چڑیا گھر کے ڈاکٹر کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہر جانوراورپرندوں کی خوراک اور صحت کامنا سب خیال رکھے اور جانوروں اور پرندوں کی خوراک اور صحت کو مزید بہتر بنانے کے لئے قا بل عمل سفارشات بھی مرتب کریں ۔ سی ڈی اے نے سکولوں اور شہر کے بچوں کو دعوت دی ہے کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران چڑیا گھر آکر لطف اندوز ہوں ۔ اس کے علاوہ فیس بک مہم کے ذریعے لو گوں سے ان دو شیروں کے نام رکھنے کے لئے تجا ویز بھی ما نگی جائیں گی اور سب سے زیادہ تجویز کردہ نام منتخب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :