پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کی تکمیل سے خطے کے 3ارب افراد مستفید ہونگے،انوارالحق کاکڑ

بدھ 1 جون 2016 14:39

کوئٹہ۔یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبہ خطے کے لیے گیم چینجر اورپاکستان ، چین کی معاشی سرگرمیوں کے لئے سنگ میل ثابت ہوگاجس سے ملک کے تمام علاقوں کے ساتھ ساتھ خطے کے 3ارب افراد مستفید ہونگے۔ یہ بات انہوں نے اسڑیلیا میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے بعد کوئٹہ واپسی پر ”ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان “کے ساتھ ایک خصوصی انٹر ویو میں کہی۔

اس موقع پر ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی منصوبے کے ذریعے بلوچستان میں معاشی ،صنعتی اور تجارتی انقلاب اور خوشحالی کے روشن دور کا آگازہوگاجبکہ گوادر میں انٹر نیشنل ائرپورٹ اور عالمی معیار کی بندرگاہ بنائی جائے گی جس سے تجارت کا رخ بلوچستان کی جانب مڑ جائے گا۔

(جاری ہے)

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سی پیک نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں اقتصادی ترقی کی سمت تبدیل کرنے کا باعث بنے گی اور ایٹمی صلاحیت کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کا دوسرا بڑا منصوبہ ہے جس سے 30 ہزار میگاواٹ بجلی بھی سسٹم میں آئیگی،ایک سوال کے جواب میں ترجمان حکومت بلوچستان نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی تاریخ معاشی ،ثقافتی ،تعلیمی ،سماجی اور سیاسی تعاون سے بھری پڑی ہے جو ہمیشہ کے لیے براہ راست عوامی امنگوں کی ترجمان رہی ہے اور پاک چین دوستی سمندر سے گہرے، ہمالیہ سے بلند، لوہے سے مضبوط اور شہد سے میٹھی ہے۔

متعلقہ عنوان :