Live Updates

خانیوال‘ رمضان المبارک میں ضلع بھر میں عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے محکمہ پولیس کے خصوصی انتظامات

بدھ 1 جون 2016 13:32

خانیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانز یب نذیر خان نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران پولیس افسران سحری ‘ افطاری اور تراویح کے اوقات کے دوران مساجد کی سکیورٹی کو سو فیصد یقینی بنائیں اس سلسلہ میں غفلت او رکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔یہ بات انہوں نے ضلع بھر کے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں ضلع بھر میں عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے محکمہ پولیس نے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ اس مقدس مہینہ میں لوگ آسان طریقہ سے اپنی عبادات کا سلسلہ جاری وساری رکھ سکیں ۔انہوں نے کہاکہ پولیس رمضان المبارک کے دوران رمضان بازاروں ‘خریداری مراکز ‘رش والے بازاروں ‘چوکوں ‘چوراہوں ‘تمام عبادت گاہوں کی سخت نگرانی رکھے گی ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے کہاکہ ایس ایچ اوز رمضان المبارک کے دوران اپنے تھانوں کی حدود میں امن وامان برقرار رکھنے اور سکیورٹی بہتر بنانے کے ذمہ دار ہونگے اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے مزید کہاکہ رمضان المبارک کے مقد س مہینے میں نمازیوں کے جان ومال اور حفاظت گاہوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اورانتظامات کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ ماہ صیام کی آمد آمد ہے اور بابرکت مہینہ میں تمام مسلمان کثیر تعداد میں عبادات کا اہتمام کرتے ہیں‘نمازیوں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے مساجد اور امام بارگاہوں کو سیکورٹی پوائنٹ آف ویو کے حوالہ سے چیک کریں اور سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی شرپسند اپنے کسی مذموم مقاصد کی تکمیل میں کامیاب نہ ہوسکے ۔

انہوں نے پولیس افسران پر واضح کیا کہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر مامور ملازمین کو ابھی سے بریف کرنا شروع کردیں کہ سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مستعد د اور الرٹ ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیں اور کسی بھی لمحے ڈیوٹی پر سستی کا مظاہر ہ نہ کریں ۔انہو ں نے کہاکہ سحر ‘ افطار اور تراویح کے اوقات میں آفیسرز خود مساجد اور امام بارگاہوں پر تعینات ڈیوٹی کو چیک کریں گے اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی غلفت یا سستی ناقابل معافی ہے ۔

ڈی پی او نے مزید کہاکہ ماہ صیام سے قبل جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کاروائی مزید سخت کی جائے خاص کر مجرمان اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے کیونکہ مجرمان اشتہاری اپنے دیگر ساتھیوں کیساتھ مل کر وارداتوں کا ارتکاب کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خانیوال پولیس نے مئی کے آخری ہفتہ میں مجرمان اشتہاریوں کیخلاف چلائی گئی مہم کے نتیجہ میں سنگین مقدمات کے علاوہ دیگر جرائم میں ملوث 143مجرمان اشتہاری گرفتار کرکے حوالات میں بند کیے جبکہ 53عدالتی مفرور بھی قانونی شکنجہ میں جکڑ ے ہیں ۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :