چےئر مین بلاول بھٹو غریب عوام کی ہمدردی کی سوچ لیکر ملک بھر کا دورہ کرینگے‘منظور احمد وٹو

بدھ 1 جون 2016 13:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جون۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک سے کرپشن کے خاتمہ اور عوام کو بلا تفریق انصاف کی فراہمی کے ایک نئے مشن اور جذبہ کے ساتھ میدان عمل میں آ رہی ہے ،چےئر مین بلاول بھٹو غریب عوام کی ہمدردی کی سوچ لیکر ملک بھر کا دورہ کرینگے اور بہت جلد پنجاب کے تمام اضلاع اور ڈویژن کا دورہ کرینگے۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعد بلاول بھٹو حقیقی معنوں میں پاکستان کا روشن مستقبل اور چاروں صوبوں کی زنجیر ثابت ہو گا ملک و قوم کا پیسہ بیرون ملک اپنے ذاتی استعمال میں لانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائیگا،پیپلز پارٹی پناما لیکس کے ایشو پر لیڈنگ پارٹی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

لوٹ مار کرنے والوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی کے سابق ضلعی صدر ملک شوکت حیات اعوان کی رہائشگاہ پر منعقدہ کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے صوبائی رہنماء تنویر اشرف کائرہ، ضلعی جنرل سیکریٹری محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ ،خالدہ شاہد ایڈووکیٹ،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،شیخوپورہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،منڈی بہااؤلدین کے ضلعی صدور۔سابق ایم پی اے ملک وزیر احمد اعوان،پی ایم صفدر کھرل ایڈووکیٹ،اختر حسین بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔منظور وٹو کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اس وقت نوجوان قیادت کے دلوں کی ترجمانی کر رہے ہیں اسی لئے وہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے دورے کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کی جارہی ہے ،پارٹی کے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قائدین اور کارکن ہی اصل میں پارٹی کا سرمایا ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں غریب عوام ہے پیپلز پارٹی ختم نہیں ہو سکتی،پیپلز پارٹی غریب مزدوروں کسانوں اور محنت کشوں کی جماعت ہے اب ان مفاد پرستوں کے لئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں جنہیں اپنے مفادات پارٹی سے زیادہ عزیز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پی آئی اے سمیت ملکی اداروں کو بیدردی سے ان کی بندر بانٹ کی انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف جیسے منافع بخش ادارے کی کسی صورت بھی نجکاری نہیں ہونے دی جائیگی اور اسکی نجاکری کے معاملہ کو سینٹ سے منظور نہیں کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ اپنے وزارت اعلیٰ اور وفاقی وزیر کے دور میں انہوں نے ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو نوکریاں دیں لیکن آج کا پڑھا لکھا نوجوان ہاتھ میں ڈگریاں پکڑے روز گار کے لئے دھکے کھا رہا ہے ،بے روز گار مزدور خودکشوں پر مجبور ہیں ہمارا کسان بد حالی کی زندگی گزار رہا ہے انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی اور پاکستان کا غریب خوشحال ہو گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو یوتھ ونگ کی تنظیم نو کرنا اور پی ایس ایف کو مزید فعال بنانا چاہتے ہیں،پیپلز پارٹی سندھ کی طرح اب پنجاب میں بھی کامیاب ہو گی میں منظور وٹو نے بلاول بھٹو اور پارٹی کارکنوں کے لئے پنجابی میں بھر پور شاعری بھی کی جس پر کارکنوں نے خوب داد دی۔

متعلقہ عنوان :