اسلام آباد: مفتی پوپلزئی رمضان اور عید کا چاند ایک ہی روز دیکھنے پر راضی ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 1 جون 2016 11:51

اسلام آباد: مفتی پوپلزئی رمضان اور عید کا چاند ایک ہی روز دیکھنے پر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جون 2016ء): مفتی پوپلزئی رمضان اور عید کا چاند ایک ہی روز دیکھنے پر آمادہ ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ رواں سال عید اور روزے ایک ہی روز پر رکھے اور منائے جائیں گے۔سردار یوسف نے بتایا کہ گذشتہ روز پشاور میں شہاب الدین پوپلزئی سے ملاقات ہوئی جس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار یوسف نے بتایا کہ پوپلزئی سے ملاقات مثبت رہی۔ شہاب الدین نے کہا کہ ہماری چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کو بھی سنا جائے۔ اس معاملے پر مفتی منیب الرحمان سے بھی ہماری ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی پوپلزئی کی رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کی تجویز کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہر اس فیصلے کو تسلیم کرنے پر آمادہ ہیں جو قرآن و سنت کے مطابق ہو۔رویت ہلال کمیٹی کی آئین سازی پر بھی کام ہو رہا ہے۔