امریکی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان روابط کے فروغ اور نیٹ ورکنگ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کانفرنس کل نیویارک میں شروع ہوگی

بدھ 1 جون 2016 11:30

نیویارک ۔ یکم جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جون۔2016ء) امریکی اور پاکستانی تاجروں کے درمیان روابط کے فروغ اور نیٹ ورکنگ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کانفرنس (آج) جمعرات کو نیویارک میں شروع ہوگی جس میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ دو روزہ یو ایس پاکستان بزنس اپرچونیٹیز کانفرنس پہلی مرتبہ امریکا میں ہو رہی ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ چوتھی کانفرنس ہے، اس سے پہلے یو ایس پاکستان بزنس اپرچونیٹیز کانفرنس کا اہتمام لندن، دوبئی اور اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق کانفرنس 2016ء میں امریکی اور پاکستانی تاجروں کیلئے کاروبار کے مواقع خصوصاً فیشن، ہیلتھ کئیر، انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں کاروباری مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں دونوں ممالک کے 250 سے زائد صنعتی نمائندے، سرمایہ کار اور حکومتی رہنما شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ وفد میں امریکا میں پاکستانی سفر جلیل عباس جیلانی شریک ہوں گے۔

امریکی نائب وزیر تجارت بروس اینڈریوز کی سربراہی میں وفد کانفرنس میں شرکت کریگا جس میں امریکا کے امپورٹ ایکسپورٹ بینک کے چئیرمین فریڈ ہیچ برگ، پاکستان اور افغانستان کیلئے خصوصی امریکی نمائندے رچرڈ اولسن، افغانستان اور پاکستان کیلئے یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر کے معاون لیری سیمپلر اور امریکی کمرشل اینڈ بزنس افئیرز کے نمائندہ خصوصی زیاد حیدر شامل ہوں گے۔ جنرل الیکٹرک کے وائس چئیرمین جان رائس بھی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافے کی ایک اور مثال ہے۔

متعلقہ عنوان :