وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کیلئے راولپنڈی میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دعائیہ تقریب، 100 بکروں کا صدقہ دیا گیا

وزیر اعظم نواز شریف پاکستان اورعالم اسلام کے عظیم راہنماہیں، یورپ اور متحدہ عرب امارات سمیت پوری دنیا میں انکی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں مانگی جارہی ہیں،سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی سمیت دیگر مقررین کاخطاب

منگل 31 مئی 2016 20:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی کیلئے راولپنڈی میں سب سے بڑی تقریب منگل کومسلم لیگ ہاؤس سردارنسیم پبلک سیکریٹیریٹ اقبال روڈ میں منعقد ہوئی جس میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑایعنی100 بکروں کا صدقہ دیا گیا،تقریب کی صدارت چیئرمین میٹرو بس سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کی جبکہ رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان،وزیراعظم یوتھ لون سکیم پنجاب کے کو آرڈینیٹر ملک شکیل اعوان،مسلم لیگ (ن) میٹروپولیٹن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم خان،ارکان صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف،بیگم تحسین فواد،زیب النساء اعوان،سابق ایم پی اے ضیاء اﷲ شاہ،سجاد خان،راحت مسعود قدوسی، ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد خان،مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ،ارشد اعوان،مرزا منصور بیگ،باسط مسکین،فاروق خٹک،شیخ ارشد،غیور بٹ،یاسر بٹ اورچوہدری حامد ظہورسمیت مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،چیئرمین میٹرو بس حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نہ صرف عالمی لیڈر ہیں بلکہ پاکستان اورعالم اسلام کے عظیم راہنماہیں، یورپ اور متحدہ عرب امارات سمیت پوری دنیا میں انکی جلد صحت یابی کے لئے دعائیں مانگی جارہی ہیں،رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے وزیر اعظم محمد نواز شریف جلد وطن واپس آکر ملک و قوم کی قیادت اور خدمت جاری رکھیں گے،مسلم لیگ (ن) میٹرو پولیٹن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم نے کہا کہ ملک کو قائداعظم ؒ ثانی میاں نواز شریف کی اشد ضرورت ہے،عالم اسلام کے اتحاد اورملک و قوم کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں آج ملک کا ہر غریب بچہ ،بوڑھا ،نوجوان اور گھروں میں بیٹھی مائیں بہنیں اور مساجد میں بیٹھے نمازی باالخصوص مزدور اورمحنت کش آسمان کی طرف اپنی جھولیاں اٹھاکراپنے محبوب قائد میاں نواز شریف کی صحتیابی کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں،انشا ء اﷲ وہ جلد صحت یاب ہوکر وطن واپس آئیں گے اور جلد ہی ہم سب کے درمیان موجود ہونگے،بعد ازاں مسلم لیگ ہاؤس کے صحن میں وزیراعظم نواز شریف کی صحتیابی کیلئے 100 سے زائد بکروں کا صدقہ دیا گیا صدقے کی یہ تقریب ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب تھی،مسلم لیگ ہاؤس میں ہر طرف خون بکھرا پڑا تھا اور ہر طرف بکرے ہی بکرے نظر آرہے تھے ،بعد ازاں حنیف عباسی نے ملکی سلامتی و استحکام اور وزیراعظم نواز شریف کے آپریشن کی کامیابی، جلدصحتیابی اور درازئی عمر کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی آخر میں ذبح کیئے گئے صدقے کے بکرے یتیموں اوربیواؤں میں تقسیم کیئے گئے جبکہ مختلف مساجد اور مدارس میں بھی بھجوائے گئے۔