پوری قوم وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہے،اﷲ تعالی انہیں جلد صحت یاب کریں‘رانا مقبول احمد

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رانا مقبول احمد کے دفتر میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد پراسیکیوٹرز سفاک قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لاتے ہیں جو جہاد سے کم نہیں‘معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

منگل 31 مئی 2016 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا مقبول احمد نے یہاں اپنے دفتر میں وزیراعظم پاکستان کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔دعائیہ تقریب میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جلد صحت یابی اور وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ رانا مقبول احمد نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی قوم کیلئے خدمات کا ذکر کیا اور بتایا کہ ارض وطن کی خدمت ہمیشہ سے ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم وزیراعظم کیلئے دعا گو ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر ملک واپس آئیں گے اور ارض عطن کی ترقی و خوشحالی کا سفر اسی تندہی سے جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر، ایڈیشنل سیکرٹری پراسیکیوشن حافظ عبدالمجید، ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اشرف بھٹی، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل رانا عبدالمجید، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر لاہور ملک اظہر، چیف پراسیکیوٹرز انسداد دہشت گردی عدالت شیخ سعید اورلاہور کی مختلف عدالتوں سے آئے پراسیکیوٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بعد ازاں رانا مقبول احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پراسیکیوشن جو کہ نسبتا نیا محکمہ ہے اس سے منسلک پبلک پراسیکیوٹر وسائل کی کمی کے باوجود پوری جاں فشانی سے عوام الناس کو انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے متعلقہ مقدمات میں جہاں کوئی مدعی نہیں ہوتا وہاں بھی ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے پراسیکیوٹرز سفاک قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لاتے ہیں جو نہایت قابل ستائش خدمت ہے۔