آئندہ مالی سال کا بجٹ غریب عوام کے گھروں میں خوشیاں بکھیر دے گا،علی اکبر گجر

منگل 31 مئی 2016 19:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر نے کہا ہے کہ بجٹ 2016-17ء غریب عوام کے گھروں میں خوشیاں بکھیر دے گا،ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ،کھاداوربجلی کی قیمتوں میں کمی اور غریبوں کے لئے فراخدلانہ مراعات سے عام لوگوں کی زندگی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے اور دیہی اور شہری ترقی کاتوازن بہت بہتر ہوجائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کی صدارت میں منعقد ہونے والے غیرمعمولی اجلاسوں میں بجٹ تجاویز کی منظوری سے یقین ہے کہ آئندہ بجٹ مہنگائی کے جن کوقابومیں رکھنے اور اور غریبوں کے مسائل حل کرنے کا موجب بنے گا۔قائدجمہوریت میاں نوازشریف نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ نئے بجٹ میں پورے ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یقیناًیہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے ڈیلیورکرنے کا سال ہے اورانشااﷲ نئے بجٹ کی منظوری سے ملک کے طول وعرض میں ترقی اور خوشحالی پھیل جائے گی اور عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کاعوام دوست بجٹ تشکیل دیا گیا ہے اس میں مزدوروں اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے بے پناہ وسائل مختص کئے گئے ہیں اور ٹیکسوں کا زیادہ تر بوجھ امیروں پر ڈالاگیا ہے تاکہ اس ملک میں غربت کا خاتمہ ہو اور عام آدمی زیادہ سے زیادہ قومی وسائل سے استفادہ کر سکے۔حکومت نے صنعتی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے کئی منصوبے دئیے ہیں جن کی تکمیل کے بعدملک اور عوام اندھیروں سے روشنیوں کی طرف پلٹیں گے اور ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔

علی اکبر گجرنے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور عوام سمجھتے ہیں کہ ترقی اور کامیابی اب ان کا مقدر بن چکی ہے۔مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ان گزشتہ تین سالوں میں زندگی کے مختلف شعبوں میں جو مثبت قدم اٹھائے تھے اب الحمدﷲ اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں،حکومت نے توانائی کے منصوبوں کو اولیت دے کر ایک اہم قومی مسئلے کے حل کی جانب قدم بڑھائے ہیں،چندسالوں بعد ملک کا کونا کونا روشن ہوگا ملک میں لوڈشیڈنگ کا تصور بھی ختم ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :