امریکی ڈرون حملے ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر براہ راست حملہ ہے‘حکمرانوں نے چند ڈالرز کے عوض پاکستان کا وقار دنیا بھر میں داؤ پر لگا دیا ہے‘ ڈرون حملے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورز ی اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے روگردانی ہے

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کی مختلف وفود سے بات چیت

منگل 31 مئی 2016 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے ملک کی خودمختاری اور سالمیت پر براہ راست حملہ ہے ۔حکمرانوں نے چند ڈالرز کے عوض پاکستان کا وقار دنیابھر میں داؤ پر لگا دیا ہے ۔ ڈرون حملے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورز ی اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے روگردانی ہے ۔

اب تک پاکستان میں420 ڈرون حملے ہوچکے ہیں ۔ امریکہ جب اور جہاں چاہتا ہے ڈرون حملہ کر تا ہے اور حکمرانوں کے اندر غیر ت اور حمیت ہوتی تو امریکہ سے نہ صرف شدید احتجاج کرتے بلکہ ملکی سالمیت کے خاطر امریکہ سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دیتے ۔ہمارے حکمرانوں کی زبانیں امریکہ کے سامنے گنگ ہوچکی ہے ۔پورا پاکستان ڈرون حملوں اور امریکی آپریشنز کی زد میں ہے اور ہزاروں کی تعداد میں بچے ،خواتین ، بوڑھے شہید کیے جاچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

پشاور کے بڑے ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے بیان ریکارڈ پرہے کہ ڈرون حملوں میں امریکہ کیمیائی ہتھیار کا استعمال کرتا ہے ۔وہ المرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفو دسے بات چیت کر رہے تھے ۔ مشتاق احمد خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بدامنی کا ذمہ دار امریکہ ہے ۔ امریکہ نے دنیا میں جنگل کے قانون کو رواج دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ڈرون حملے پاکستان کی آزادی اور خودمختاری پر کاری ضر ب ہے ان حملوں کی وجہ سے پوری قوم شدید تذلیل اور کرب کی کیفیت میں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈرون حملوں پر پرویز مشرف ، زرداری ، گیلانی اور نواز شریف کی پالیسیاں ایک ہیں اور ڈرون حملے حکمرانوں کی مرضی سے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے امریکی ڈالرز کے لیے پاکستان کو امریکی شکارگاہ میں تبدیل کردیاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی حفاظت میں ناکام حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں ۔مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ آف شور کمپنیوں کے مالک حکمران اور سیاستدانوں نے ملکی سالمیت پر سودے بازی کر لی ہے ۔