بااثر لوگ قبرستانوں کو کمرشل پراپرٹی میں تبدیل کررہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ‘محکمہ تعلیم چارسدہ کو ذہنی مریض کے حوالہ کیا گیا ہے ‘ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ کئے گئے تو اجتماعی استعفیٰ دینگے

ضلع کونسل چارسدہ کا ہنگامہ خیز اجلاس میں اراکین کونسل کا خطاب

منگل 31 مئی 2016 19:39

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء) ضلع کونسل چارسدہ کا ہنگامہ خیز اجلاس ۔بااثر لوگ قبرستانوں کو کمرشل پراپرٹی میں تبدیل کررہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ۔محکمہ تعلیم چارسدہ کو ذہنی مریض کے حوالہ کیا گیا ہے ۔ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ کئے گئے تو اجتماعی استعفیٰ دینگے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کونسل کے اجلاس کو مذاق سمجھتے ہیں اسلئے اجلاسوں میں نہیں آتے ۔

آئندہ اجلاس ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدکرنے کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل کا اجلاس زیر صدارت سپیکر حاجی مصور خان منعقد ہوا۔ اجلاس میں اظہار خیال کر تے ہوئے اپوزیشن لیڈر قاسم علی خان محمد زئی ،قومی وطن پارٹی کے عارف پراچہ ، جے یو آئی کے نور الامین ،تحریک انصاف کے شاہد اﷲ ،اے این پی کے خالد خان عمرزئی ، عطا ء اﷲ خان ،رضیہ سلطانہ ، عثمان خان قومی وطن پار ٹی ضلعی ممبر حاجی ہدایت اﷲ خان اور دیگر نے بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے مگر ابھی تک ہمیں اختیارات نہیں ملے جس کی وجہ سے منتخب عوامی نمائندے عوام کے سامنے شرمند ہ ہو رہے ہیں ۔ مغزز ایوان نے ریاستی اداروں کے مانیٹرنگ کیلئے چیئر پرسنز مقرر کئے ہیں مگر ابھی تک ان کو دفاتر نہیں دئیے گئے ۔ ضلعی انتظامیہ اور آفسران معزز آراکین کے ساتھ تعاون نہیں کر تے ۔

2013لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو اصل حالت میں بحال نہ کیا گیا تو ہمارے پا س اجتماعی استعفیٰ کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔ محکمہ تعلیم چارسدہ کو ایک ذہنی مریض کے حوالے کیا گیا ہے جو ہمارے منہ پر کہتے ہیں کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کو جواب دہ نہیں ۔ ضلع چارسدہ میں زکواۃ کی تقسیم کا طریقہ کاردرست نہیں ۔ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنانا جو ئے شیر لانے سے کم نہیں ۔

انصاف سیڈ پروگرام میں زمینداروں کو ناقص تخم دیکر دیوالیہ کیا گیا ۔ ناقص تخم کی وجہ سے گندم کی پیدوار انتہائی کم ہوئی ہے ۔ تجارتی مارکیٹوں میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے چیک اینڈ بیلنس نہیں ۔ بااثر لوگ قبرستان کی وقف زمینیں کمرشلائز کرکے فروخت کررہے ہیں ۔ جی پی ایس مفتی آباد میں دیوار گرنے سے جو بچہ جان بحق ہوا ہے ان کو شہید پیکج دیکر واقعہ کی تحقیقات کی جائے ۔

وزیر اعلی کے داماد سابق سینٹر عدنان خان نے سپورٹس سٹیڈیم تنگی کا غیر قانونی افتتاخ کرکے اپنا بورڈ نصب کرایا ہے جس کی انکوائری اور سابق سینٹر عدنان خان کے خلاف کاروائی انتہائی ضروری ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او چارسدہ کی غیر حاضری پر بھی تنقید کی گئی اور واضح کیا گیا کہ دونوں آفسران کا رویہ ٹھیک نہ ہوا تو آئندہ اجلاس ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقد کرینگے ۔ اجلاس میں موجود ضلع ناظم فہد ریاض نے روایات کے برعکس ایوان سے خطاب نہیں کیا اور نہ معزز ممبران کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیا ۔

متعلقہ عنوان :