فاٹا میں متاثرین کی واپسی و بحالی کاعمل کامیابی سے جاری ، پاک افواج اورقبائلی عوام کی قربانیوں بدولت ہم تعمیروترقی کے نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، حکومت ٹی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھارہی ہے ، فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قبائلی عوام کی مشاورت سے کیاجائیگا

گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا شوال اور مکین کے مشران اورزعماء کے نمائندہ وفدسے گفتگو

منگل 31 مئی 2016 19:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مئی۔2016ء ) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ فاٹا میں متاثرین کی واپسی و بحالی کاعمل کامیابی سے جاری ہے ، پاک افواج اورقبائلی عوام کی قربانیوں اور آپریشن ضرب عضب کی بدولت ہم امن وامان اور تعمیروترقی کے نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن وامان کے قیام میں پاک افواج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، وزیراعظم پاکستان محمدنوازشریف کی سربراہی میں موجودہ حکومت ٹی ڈی پیز کی واپسی سمیت ان کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے اور اس ضمن میں تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔

فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ قبائلی عوام کی مشاورت سے کیاجائیگا ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج ، سیکورٹی فورسز اورقبائلی عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجاسکتا جن کی بدولت آج فاٹاسمیت پورے ملک میں امن قائم ہواہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کوگورنرہاؤس پشاورمیں جنوبی وزیرستان کی وادی شوال اورتحصیل مکین کے مشران اورزعماء کے ایک نمائندہ وفدسے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔

وفد کی سربراہی میجرزمان مسعود کررہے تھے جبکہ وفد میں ملک شیرعالم ، ملک خانزادہ، حاجی خان بہادر اورحاجی محمدرسول کے علاوہ دیگر زعماء بھی موجودتھے۔وفد کے اراکین نے ٹی ڈی پیز کی واپسی سمیت عوام کو درپیش مسائل اور علاقے کے ترقیاتی عمل کے حوالے سے بعض مسائل ومشکلات کا ذکرکیا اور انہیں دورکرنے کے حوالے سے تجاویزدیں۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملکی امن واستحکام کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں پوری قوم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ ان کی فلاح وبہبود کیلئے موثراقدامات اٹھائے جائیں۔

اس ضمن میں حکومت فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور متاثرین کی باعزت واپسی و بحالی اور تعمیر نوسمیت دیرپابنیادوں پر امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ گورنرنے کہاکہ قبائلی علاقہ جات میں امن و امان کا قیام اوروہاں سے بدامنی کا خاتمہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور پاک فوج، سیکورٹی فورسز، سول انتظامیہ اور محب وطن قبائل کی قربانیوں سے فاٹا کا امن و سکون لوٹ آیا ہے اور نقل مکانی کرنے والے قبائلی بہن بھائیوں کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں کو باعزت طور پر بھجوانے اور انکی بحالی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

اس موقع پر گورنرنے وزیراعظم کی صحتیابی کیلئے دعاکی اور کہاکہ انشاء اﷲ بہت جلد وزیراعظم پاکستان صحتیاب ہوکرملک وقوم کی خدمت جاری رکھیں گے جبکہ قبائلی مشران نے بھی وزیراعظم پاکستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ گورنرنے وفد کی معروضات غورسے سنیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :