شیخ انصرعزیز نے پولیو کے قطرے پلانے کی مہمات کیلئے متعلقہ یونین کونسلز کے چیئر مینز کو فوکل پرسنز نامزد کر دیا

ابھی بھی پاکستان میں تقریباً 3کروڑ بچوں کی بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات تک رسائی نہیں ہے ٗڈاکٹر رانا محمد صفدر

منگل 31 مئی 2016 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) اسلام آباد کے میئر شیخ انصرعزیز نے دارالحکومت میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہمات کے لئے متعلقہ یونین کونسلز کے چیئر مینز کو فوکل پرسنز نامزد کر دیا ٗیونین کونسلز کے نئے منتخب ہونے والے چیئر مینز نے پولیو مہمات میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے کمیونٹی کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ صحت محافظ کے طور پر کام کرنے کا عزم کیا ۔

انہوں نے یہ عزم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹرمیں پولیو کے خاتمہ کی تازہ ترین صورت حال اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات بارے دی جانے والی پریزنٹیشن کے دوران کیا ۔ اس موقع پر اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز اپنے خصوصی پیغام میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلقہ امور بارے پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئیے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے شرکاء کو پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے طریقہ کار بارے بتایا اور کہا کہ ابھی بھی پاکستان میں تقریباً 3کروڑ بچوں کی بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات تک رسائی نہیں ہے اور ہر سال تقریباً30لاکھ بچے ویکسین سے ختم ہو جانے والی بیماری کے باعث ہلاک ہو جاتے ہیں۔

جب کہ دنیا بھر میں ہر سال 350000بچے پولیو میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر رانا صفدر نے اپنی پریزنٹیشن میں مزید کہا کہ پولیو کے وائرس پر قابو پانے کا واحد طریقہ اور حل ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہے ۔انہوں نے مقامی حکومتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ہر پولیو مہم کی تیاری کے سلسلہ میں یونین کونسل کی سطح پر پولیو کے خاتمہ کی کمیٹیوں میں شامل ہوں ۔ بعد ازاں یونین کونسل کے نو منتخب چیئر پرسنز کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے گئے۔بریفنگ سیشن میں اسسٹنٹ کمشنر،ڈائریکٹر ہیلتھ سی ڈی اے،حفاظتی ٹیکہ جات کے وفاقی توسیعی پروگرام کے نمائندوں ،شراکت داروں اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :