وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے نماز ظہر کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا

سپیکر قومی اسمبلی ٗمحمود خان اچکزئی ٗ لیگی ارکان پارلیمنٹ ٗ سیکرٹری قومی اسمبلی اور عملے کی شرکت

منگل 31 مئی 2016 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی کیلئے منگل کو نماز ظہر کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کی مسجد میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔منعقد ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان سمیت سیکرٹری قومی اسمبلی اور دیگر عملہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پارلیمنٹ ہاؤس مسجد کے خطیب نے وزیراعظم کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے چیمبر میں نجی ٹی وی چینلز کو وزیراعظم کی صحت یابی کے حوالے سے اپنا پیغام بھی ریکارڈ کرایا جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دل کا آپریشن جاری ہے، اﷲ تعالیٰ وزیراعظم کو صحت اور زندگی عطا فرمائے تا کہ وہ جس طرح پاکستان کی خدمت کر ہے ہیں اسی طرح آئندہ بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی خواہش اور دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطاء فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی علالت کے موقع پر تمام پارٹی رہنماؤں اور پوری قوم نے اچھا پیغام دیا ہے یہ ایک خوش آئند روایت ہے کہ جب بھی کوئی لیڈر علیل ہو ہم سب ایک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ وزیراعظم کا سایہ ان کے خاندان کے سر ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور وہ ملک کی خدمت کرتے رہیں۔