ٹیوٹا اپنے ایک لاکھ طلباء کوآئندہ تین سال کے دوران مائیکرو سافٹ ٹریننگ دلوائے گی

منگل 31 مئی 2016 14:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مئی۔2016ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اپنے ایک لاکھ طلباء کوآئندہ تین سال کے دوران مائیکرو سافٹ ٹریننگ دلوائے گی۔ یہ ٹریننگ صوبہ بھر میں ٹیوٹا کے 117اداروں زیر تربیت نوجوانوں کو دی جائے گی۔ٹیوٹا اداروں میں پڑھائے جانے والے ہر کورس کے ساتھ مائیکرو سافٹ ورڈ، پاور پوائنٹ اور ایکسل کی تربیت بھی دی جائے گی۔

تربیت حاصل کرنے والے مائیکرو سافٹ آفس سپیشلسٹ کہلوائیں گے۔ اس میں چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں مائیکروسافٹ کے کنٹری منیجرندیم اسلم ملک کے ساتھ ایک اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عامر عزیز، اظہر اقبال شاد اور ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ ٹیوٹا مائیکرو سافٹ کی تربیت اور امتحانات کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔

ٹیوٹا اور مائیکروسافٹ کے درمیان تعاون وزیر اعلی پنجاب کی صوبہ بھر میں آئی ٹی کو متعارف کروانے کے ویژن کے مطابق ہے ۔اس وقت تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجنئیر کے نصاب میں آئی ٹی کا کورس شامل ہے اور اب ٹیوٹا شارٹ کورسز، ایک سالہ اور دو سالہ ڈپلومہ کورسز میں بھی آئی ٹی کونصاب میں شامل کرے گی۔ ان کورسز کو کامیابی سے چلانے کیلئے ٹیوٹااپنے اساتذہ کو ٹریننگ بھی کروائے گی اور جہاں ضروری ہوا وہاں نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔

مائیکروسافٹ کے کنٹری منیجرندیم اسلم ملک نے کہا کہ ٹیوٹا اداروں میں مائیکروسافٹ اپنے تربیتی کورس کو متعارف کروانے کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔اس سے ٹیوٹا کے طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی مہارت حاصل ہو گی۔ اس وقت 17,000سے زائد مائیکرو سافٹ آئی ٹی اکیڈمی کے ممبران 133ممالک میں موجود ہیں اور سالانہ 24 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے ۔یہ ممبران تعلیمی اداروں اور دنیا بھر میں ماہرین تعلیم کو اکیسویں صدی کے مطابق مائیکرو سافٹ ٹریننگ فراہم کر رہی ہیں جو انکے پیشہ ورانہ فرائض کو جدید آئی ٹی تقاضوں کے مطابق سرانجام دینے میں مدد گار ثابت ہورہی ہے۔