بھارت،نو بال قرار دینے پر امپائر کی بہن کا قتل

منگل 31 مئی 2016 14:47

بھارت،نو بال قرار دینے پر امپائر کی بہن کا قتل

علی گڑھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار31مئی ۔2016ء )ہندوستان کی سوا ارب آباد ی میں قتل کے واقعات ہونا معمول کی بات ہے تاہم کرکٹ میچ کے ایک غلط فیصلے کا اتنا دردناک انجام ہوا جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پر دیش کے شہر علی گڑھ سے 20کلومیٹر دور واقع قصبے جرارا میں جرارا پریمیئر لیگ کا اعلان کیا گیا اور جیتنے والی ٹیم کے لیے 5100روپے انعا م رکھا گیا۔

غربت کے مارے کھلاڑی اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیے پورا زور لگا رہے تھے کہ اس دوران امپائر راج کمار نے جرارا اور باریکی کے مابین مقابلے کے اہم موڑ پر ایک گیند کو نو بال قرار دیدیا۔امپائر کے مبینہ ’غیر منصفانہ ‘ پر فیصلے پر فیلڈنگ کرنیوالی ٹیم کے کھلاڑی سندیپ پال نے راج کمار سے احتجاج کرتے ہوئے فیصلہ واپسی لینے کا کہا لیکن جب اس نے فیصلہ واپس لینے سے انکار کیا تو سندیپ نے اسے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اب اسے اپنے گھر کا ایک فرد کھونا ہوگا ،راج کمار نے سندیپ کی دھمکی کو سنجیدگی سے نہ لیا، سندیپ پال امپائر راج کمار کے خاندان کو ذاتی طور پر جانتا تھا۔

(جاری ہے)

میچ اگے روز سندیپ نے راج کما ر کی 15سالہ بہن پوجا اور اسکی 3سہیلیوں کو کھیت میں جانے سے روکتے ہوئے کولڈ ڈرنک پینے کی پیشکش کی جس میں وہ پہلے ہی زہر ملا چکا تھا،پوجا اور اسکی سہیلیاں پہلے ہی سندیپ کو جانتی تھیں اس لیے انہوں نے بھی انکار نہیں کیا۔زہریلی کولڈ ڈرنک پیتے ہی پوجا موقع پر ہلا ک ہوگئی جبکہ اسکی دیگر 3سہیلیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جرار قصبے کے سربراہ رتن پال راول کا کہنا تھا کہ وہ پہلے دن سے پریمئر لیگ کرانے کے مخالف تھے کیوں کہ انکے علاقے کے لوگ تشدد پسند اور سپورٹس مین سپرٹ سے عاری ہیں اور جذبات میں آکر کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ۔

بھارت،نو بال قرار دینے پر امپائر کی بہن کا قتل