ینگ نرسز ایسوسی ایشن کامطالبات کے حق میں سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کر کے مال روڈ پر دھرنا 12گھنٹے بعد کل تک کیلئے موخر

سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے میں تعطل سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا ،دھرنے میں وزیراعظم کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی محکمہ صحت نے ہڑتال کرنے والی نرسوں کی لسٹیں تیار کر کے تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا

پیر 30 مئی 2016 22:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے سروس سٹرکچر اور رسک الاؤنس کے مطالبات کے حق میں سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کر کے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دھرنا 12گھنٹے بعد کلنگل تک کیلئے موخر کر دیا ،نرسز کے ڈیوٹیوں پر نہ جانے کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے میں تعطل سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا رہا ،ہڑتال کے ذریعے عام مریضوں کو مشکلات میں ڈالنے والی نرسز نے دھرنے میں وزیر اعظم نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ،محکمہ صحت نے ہڑتال کرنے والی نرسوں کی لسٹیں تیار کر کے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی کال پر لاہور سمیت صوبہ بھر سے نرسز نے ہسپتالوں میں ہڑتال کر کے پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر دھرنا دیا ۔

(جاری ہے)

نرسوں کے احتجاج اور دھرنے کے باعث مال اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں۔ دھرنے کے دوران ایک ایمبولینس بھی پھنس گئی جبکہ اس دوران مظاہرین اور راہگیروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے۔

دھرنے میں شریک نرسز اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتی رہیں ۔ نرسز کا کہنا تھا کہ حکومت وعدے کے باوجود سروس سٹرکچر بحال کر رہی ہے اور نہ رسک الاؤنس دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کے باعث ہم مجبوراً دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئی ہیں۔ ینگ نرسز کا کہنا تھاکہ ہم چوبیس گھنٹے سروسز فراہم کرتی ہیں ۔ حکمران سرکاری ہسپتالوں میں علاج کے لئے آئیں تو انہیں مشکلات سے آگاہی حاصل ہو ۔

احتجاجی نرسز کا کہنا تھاکہ ہم اس سے قبل بھی ایشیاء میں نرسز کا سب سے طویل دھرنا دے چکی ہیں اور اگر اب بھی ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو دھرنا جاری رہے گا ۔نرسز کے ہڑتال کرنے کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات میں بھی تعطل آیا تاہم دھرنے میں شریک نرسز نے وزیراعظم نوازشریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے ہڑتال کرنیوالی نرسوں کی لسٹیں تیار کر کے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔مال روڈ پر احتجاج کرنے والی نرسز کے نمائندہ وفد نے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ و میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ سے مذاکرات کر کے انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا تاہم اس کے باوجود نرسز نے باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجراء تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ۔ ینگ نرسز کی صدر روزینہ منظور نے تقریباً بارہ گھنٹے بعددھرنا آج منگل تک کیلئے موخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مطالبات منظور نہیں کئے جائیں گے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :