رمضان نزول ِ قرآن کا اور اﷲ کے بندوں سے ہمدردی کرنے کا مہینہ ہے ، سید منور حسن

نزول قرآن کی برکت سے ہی ایک رات کو ہزارمہینوں سے افضل قرار دیا گیا ہے، ناظم آباد میں محفل تذکیر سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔ نزول قرآن کی برکت کی وجہ سے ہی اس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل رات قرار دی گئی ہے ۔ رمضان اﷲ تعالی کی رحمتیں ،برکتیں اور مغفرتیں سمیٹنے اور اﷲ کے بندوں کے ساتھ ہمدردی اور غم خواری سے پیش آنے اور انفاق فی سبیل اﷲ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا مہینہ ہے ۔

ہمیں خود کو ان لوگوں میں شامل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو اس ماہ مبارک کے فیوض و برکات کو سمیٹنے والے بندے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ناظم آباد زون کے تحت 3روزہ محفل تذکیر کے دوسرے دن ’’روزہ اور امت مسلمہ کی ذمہ داری ‘‘کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع وسطی کے سیکریٹری محمد یوسف ،امیر زون ناظم آباد وجیہ حسن اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

محفل میں خواتین نے بھی شرکت کی جن کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا ۔ سید منور حسن نے مزید کہا کہ ہمارا معاشرہ دکھوں اور غموں سے بھر ا ہوا ہے ۔ یہ معاشرہ محروم لوگوں کا معاشرہ ہے کتنے گھر ایسے ہیں جن میں بچوں تک کو پیٹ بھر کر کھانا میسر نہیں ہے ۔ غربت کی وجہ سے جوان بیٹیاں اپنی شادیوں کا انتظار کررہی ہیں ۔ ملک کی بڑی آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ۔

رمضان المبارک صرف صاحب استطاعت اور اہل خیر ہی کے لیے نہیں بلکہ ہر مسلمان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ اپنے گردونواح میں ضرورت مندوں کے ساتھ خیر خواہی اور غم خواری کا رویہ اور برتاؤ کریں ۔ ضروریات زندگی سے محروم اپنے بھائی بہنوں کے لیے ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کریں اور اس ماہ مبارک میں کئی گنا بڑھ کر اجر و ثواب پائیں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک خود کو قرآن سے جوڑ نے اور تعلق پیدا کرنے کا مہینہ ہے ۔

قرآن پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت ہے ۔ قرآن مجید میں زندگی گزارنے کے تمام پہلوؤں اور شعبوں کے بارے میں رہنمائی اوراصول موجود ہیں ۔ ہماری معیشت ، معاشرت ، سیاست ، عدالت ، حکومت ہر حوالے سے دلائل کے ساتھ ہدایات دی گئیں ہیں ۔ قرآن کی دعوت اور قرآن کی تعلیمات و احکامات کو معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انفرادی اور اجتماعی دائروں میں ہماری کامیابی اور ترقی کی ضمانت اس میں مضمر ہے کہ ہم رمضان اور قرآن کے پیغام اور تعلق کو سمجھیں اور اسے ایک تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں ۔

متعلقہ عنوان :