وفاقی پولیس نے رمضان المبارک کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کردیا

نماز تراویح اور سحر و افطار کے اوقات میں مساجدکی سیکورٹی کے لئے گاڑیاں سے 200 میٹر دور کھڑی کی جائیں گی

پیر 30 مئی 2016 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) وفاقی پولیس نے رمضان المبارک کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کردیا ۔وفاقی دارالحکومت میں رمضان المبارک میں نماز تراویح اور سحر و افطار کے اوقات میں مساجدکی سیکورٹی کے لئے گاڑیاں سے 200 میٹر دور کھڑی کی جائیں گی۔ پولیس اہلکار اور مساجد کی طرف سے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ تعینات ہوں گے۔

جبکہ واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے‘ جامع تلاشی اور لوڈشیڈنگ کے باعث بجلی کا متبادل انتظام مساجد انتظامیہ خودکرے گی۔ آئی جی آفس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں نماز تراویح کی ادائیگی سے سحر و افطار کے اوقات میں مساجد کے باہر اضافی پولیس نفری تعینات ہوگی جبکہ مساجد کی طرف سے بھی سیکورٹی کے لئے پرائیویٹ گارڈ تعینات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی پولیس نے رمضان المبارک کے لئے سیکورٹی پلان پر دارالحکومت کے تمام سیکٹروں میں متعلقہ تھانوں کے ذریعے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نماز کی ادائیگی تراویح‘ سحر و افطار کے لئے آنے والے افراد مساجد کی حدود سے 200 میٹر دور گاڑیاں کھڑی کریں گے ۔ جس کے تحت ایس ایچ او حضرات نے اپنے علاقہ کے آئمہ کرام ‘ خطیب اور نائب خطیب حضرات سے تھانوں میں ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

سیکورٹی پلان کے مطابق مساجد کے باہر واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے۔ بارودی مواد یا کسی بھی دھماکہ خیز سامان کی نشاندہی کے لئے میٹل ڈی ٹیکٹرز سے جامہ تلاشی لی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مساجد میں قیام مزید کسی بھی شخص کے بارے میں مسجد انتظامیہ متعلقہ تھانے میں اطلاع دینے کی پابند ہوگی۔ لاؤڈ سپیکر نماز کے اوقات کے علاوہ استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والے علماء کرام اور آئمہ کرام ‘ خطیب حضرات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ رمضان المبارک پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔