حکمران اشرافیہ نے ایٹمی ملک کو بھکاری بنادیا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

2016ء نواز شریف کی سیاست کے خاتمے کا سال ہو گا‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا اجلاس سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران اشرافیہ نے ایٹمی ملک کو بھکاری بنادیا ہے،2016ء نواز شریف کی سیاست کے خاتمے کا سال ہو گا،ڈرون حملے پر کمزور حکومتی ردّ عمل سے قوم مایوس ہو ئی ہے،جنرل راحیل شریف دہشتگردو ں کی طرح کرپشن سے بھی قوم کو نجات دلائیں گے،مسلم لیگ (ن)بکھرنے والی ہے،(ن) لیگ میں نواز شریف کے جانشین کے معاملے پر جھگڑا شروع ہو چکا ہے،صوفیاء کے ماننے والے اہل حق ہی ملک کی اصل طاقت ہیں۔

آئندہ الیکشن سے پہلے اہلسنّت کو متحد کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ لاہور میں معین الحق علوی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپشن اور بیڈ گورننس نے ملک کی ترقی و خوشحالی کا راستہ روک رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت اقتصادی راہداری منصوبے سے خوف زدہ ہے۔حکومت ڈرون حملے جاری رکھنے کی امریکی دھمکی کا منہ توڑ جواب دے۔

قوم اپوزیشن کو متحد دیکھنا چاہتی ہے۔مفاداتی سیاست کو دفن کرکے اصولی سیاست کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ملک میں آئینی بحران اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔ن لیگ تین سالوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ 2016ء تبدیلی کا سال ہے۔قیام پاکستان سے لیکر اب تک حقیقی احتساب نہیں ہوا۔ پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات ہوئیں تو حکمران جیلوں میں جائیں گے۔قوم کی ضرورت میٹروبس نہیں ہسپتال ہیں۔ جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیئے تھا وہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا گوہیں۔

متعلقہ عنوان :