انتظامات مکمل،صارفین کو رمضان بازاروں میں مثالی ریلیف دیں گے، ڈاکٹر فرخ جاوید

رمضان المبارک میں تمام انتظامیہ صوبہ کے کونے کونے تک رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کرے گی، ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پرمعیاری اور سستی اشیائے خوردونوش کیلئے 250 ملین روپے مختص کیے،وزیر زراعت پنجاب

پیر 30 مئی 2016 20:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ جمعہ 3 جون سے پنجاب بھرمیں 330رمضان بازار روانہ کی بنیاد پر کام کا آغاز کردیں گے جس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق رمضان بازاروں میں صارفین کو مثالی ریلیف دیں گے۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 5ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کیا سے جس صوبہ بھر کے عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش مہیا کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس کے قیام کے لئے 250 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جو ایک مثالی اقدام ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کی طرح تمام وزراء، ممبران اسمبلی، سیکرٹریز اور ضلعی انتظامیہ تمام رمضان فیلڈ میں رہیں گے اور رمضان بازاروں میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ ماہ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں اور نا جائز منافع خوروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے 2 ہزار پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں مستحق افراد کا روزہ کھلوانے کے لئے دو ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران19 اشیاء خوردو نوش پر سبسڈی دی جارہی ہے جن میں آٹا، چینی، گھی، تیل، انڈے، دالیں اور بیسن شامل ہیں۔

وزیر زراعت نے اس موقع پر بتایا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹور بھی قائم ہوں گے اور سحر و افطار کیلئے تمام ضروری سامان یہاں دستیاب ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گی اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر زراعت نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبہ بھر کے رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتیں یکساں رکھی جائیں۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے انتظامیہ سے گفتگو میں کہاکہ رمضان المبارک میں مشنری جذبے سے کام کیا جائے کیونکہ یہ ڈیوٹی سے بڑھ کر عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :