چھوٹو زرداری بچگانہ باتیں کر کے بڑا لیڈر بننے کی کوشش کر رہے ہیں‘زعیم قادری

جناب بلاول صاحب گلاپھاڑ کر تقریریں کرنے سے نہیں الیکشن کارکردگی کے زور پر جیتا جاتا ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت

پیر 30 مئی 2016 20:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ چھوٹو زرداری بچگانہ باتیں کر کے بڑا لیڈر بننے کی کوشش کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی بے بی لیڈرشپ دودھ کے دانت گرنے کا انتظار تو کر لے۔ سیدزعیم حسین قادری نے بلاول زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے زرداری تقریر کرنے سے پہلے ابا جان سے مشورہ کر لیا کریں۔

جوش خطابت میں جو منہ میں آتا ہے کہہ ڈالتے ہیں۔

(جاری ہے)

جناب بلاول صاحب گلاپھاڑ کر تقریریں کرنے سے نہیں الیکشن کو کارکردگی کے زور پر جیتا جاتا ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ چھوٹو زرداری مختلف علاقوں کی بات کر کے عصبیت کو ہوا دینے سے گریز کریں۔ پنجاب کا کاشتکار خوشحال اور مطمئن ہے۔ بلاول صاحب سندھ کی خبر لیں۔ حکومت پنجاب کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے صوبہ بھر میں لاکھوں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بدترین کارکردگی کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو عام انتخابات میں مسترد کر کے دیوار سے لگا دیا۔ لیکن پیپلزپارٹی کے لیڈر اب بھی اپنے اطوار بدلنے کو تیار نہیں ہیں۔