پیپلز پارٹی ملکی سالمیت ویکجہتی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی،وقار مہدی

پیر 30 مئی 2016 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جو ملک کو متحد ومنظم رکھ سکتی ہے اور ملکی سالمیت ویکجہتی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی،وہ آج یہاں کراچی میں پی ایس 117 اور پی ایس 106 میں 2 جون کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں جاوید مقبول بٹ اور عبدالصمد بلوچ کی کارنر میٹنگز سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں اور کسانوں کی جماعت ہے جو ہمیشہ ورکنگ کلاس کی حمایت سے اقتدار میں آئی ہے۔

پی پی پی نے ہمیشہ غریب عوام کے مسائل کو اولیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں سے منتخب ہونے والے امیدواروں نے عوام اور علاقے کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی، صرف اپنی قیادت کی خوشنودی میں لگے رہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار منتخب ہو کر حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ایس 117 اور پی ایس 106 کے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ 2جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں بلاول بھٹو زرداری کے نامزد کردہ امیدواروں، پی ایس 117 سے جاوید بٹ اور پی ایس 106 سے سردار عبدالصمد بلوچ کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔

پی پی پی کے امیدوار منتخب ہو کر علاقے کی تقدیر بدل دینگے۔ کارنرز میٹنگز سے پی پی کے دیگر رہنماؤں، اعجاز بلوچ، اقبال ساند، اعجاز باران، سلیم سچوانی، امیدوارپی ایس 117 جاوید بٹ ،ظفر صدیقی ایڈوکیٹ، عاطف بلوچ اور امیدوار پی ایس 106 سردار عبدالصمد بلوچ نے بھی خطاب کیا۔