حکومت صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے‘ میڈیا کے اداروں کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں

سہولت اور سازگار فضا کیلئے میڈیا قوانین کا جائزہ لیا جائے گا‘ صحت مند تنقید کی تعریف کی جو معاشرہ اور حکومت کیلئے معاون ہے‘ پیمرا کی صلاحیت کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے‘ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 30 مئی 2016 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 30 مئی۔2016ء ) اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت اور آسانی فراہم کرنے کیلئے سازگار فضا کیلئے تمام میڈیا قوانین کا جائزہ لیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل نے 27 سے 29 مئی تک تین مسلسل اجلاسوں کی صدارت کی اور آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے میڈیا قوانین کا جائزہ لیا۔

جس کی سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل 19 اور 19اے میں ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے معاشرہ کے محافظ کی حیثیت سے صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کے کردار کو سراہا جو ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے ضروری ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ مختلف عدالتوں میں تین سو سے زائد کیسسز زیر التوا ہیں اور ان کیسسز کی تیزی سے سماعت کیلئے طریقہ کار تیار کیا جائے گا تاکہ سائلین کو فوری انصاف میسر آسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کی فلاح وبہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے اگرچہ اخباری ملازمین کیلئے عملدرآمد ٹربیونل موجود ہے تاہم اس میں الیکٹرانک میڈیا کے میڈیا کارکن شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخباری ملازمین کیلئے عملدرآمد ٹربیونل کے دائرہ کار میں اضافے کیلئے ضروری تبدیلیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ کارکنوں کے روزگار کے ایشوز کا ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صحافی جو معاشرے کا انتہائی روشن خیال طبقہ ہے ملک کے موجودہ قوانین اور قواعد وضوابط اور پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے تحت اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معیاری معلومات ، تعلیم اور لوگوں کو تفریح فراہم کرتے ہوئے قومی تعمیر میں بڑا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے صحت مند تنقید کی تعریف کی جو معاشرہ اور حکومت کیلئے معاون ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر میڈیا گروپ ایک ان ہاؤس میڈیا کنٹنٹ مینیجر کی تقرری کا جائزہ لے جو ادارہ جاتی نگرانی کا ذمہ دار ہو تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مندرجات صحافتی اقدار اور ملکی قوانین کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا کے صحت مندانہ فروغ کو یقینی بنانے کیلئے پیمرا کا ایک ریگولیٹر کا کردار ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ پیمرا نہ صرف حقیقی معنوں میں خود مختار ہے بلکہ اسے اپنے مقررہ امور کی انجام دہی میں آزاد اور خود مختار نظر آنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا کے صحت مند اور تعمیری فروغ کیلئے پیمرا کی صلاحیت کو مستحکم بنانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے جس میں پیمرا کے موجودہ قوانین، قوائد ، ضوابط اور ضابطہ اخلاق کا جائزہ بھی شامل ہے اور اسے انتظامی طور پر بھی مستحکم بنایا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ ادارہ معیاری انسانی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور متعلقہ قانونی ڈھانچے کے مطابق الیکٹرانک میڈیا کو ریگولیٹ کر سکے۔

متعلقہ عنوان :