ٹریفک پولیس کے شہید افسران اور جوانوں کے ورثا ء میں امدادی رقوم، کپڑے اور راشن کی تقسیم

آئی جی سندھ نے شہدائے ٹریفک پولیس کے ورثا میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے وزیر اعلی سندھ نے شہدائے پولیس کے ورثا کے لئے امدادی رقم 50 لاکھ روپے کرنے کی منظوری بھی دے دی، آئی جی سندھ

پیر 30 مئی 2016 19:05

کراچی ۔ 30 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مئی۔2016ء) آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ شہدائے ٹریفک پولیس کی قربانیاں قابل فخر ہیں اور دہشت گردانہ حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے، پولیس کلنگز میں ملوث عناصر جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے اور عبرت ناک سزائیں ان کا مقدر ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ڈی آئی جی ٹریفک کے زیر انتظام شہدائے ٹریفک پولیس کے ورثاء میں امدادی رقوم، کپڑوں اور راشن کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ڈی آئی جیز ویسٹ و ساؤتھ کے علاوہ پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے شہدائے پولیس کے ورثاء کے لئے امدادی رقم کا پیکج 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کی مجوزہ منظوری دے دی ہے اور جلد اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثا ء اور بچوں کو طبی، تعلیمی اور فلاح و بہبود سے متعلق جملہ سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ پولیس سندھ تمام تر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذہین اور لائق بچوں کو اعلی تعلیم کے حصول کے ضمن میں اسکالر شپ کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس کے ورثاء کی ویلفیئر اقدامات سے متعلق کیسسز تقریباً پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں اور بعض زیر التوا کیسز بھی جلد حل کر لئے جائیں گے۔

انہوں نے پولیس کی فوری اور بروقت امداد کے حوالے سے پولیس ویلفیئر فنڈ کے قیام سے متعلق سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل سے پولیس اپنی مدد آپ کے اقدامات کے تحت سہولیات کی دستیابی جیسے اقدامات کو مزید بہتر کر سکیں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ نے استقبالیہ میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق سال 1995 ء سے لے کر 2016 ء تک ٹریفک پولیس کے54 افسران اور جوان دوران فرائض شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی فرض کی راہ میں قربانیاں ناقابل فراموش اور بے مثال ہیں، شہدائے ٹریفک پولیس کے ورثاء ہر گز اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں محکمہ ٹریفک پولیس انہیں تمام تر سہولیات کی فراہمی جیسے اقدامات میں ہر لمحہ ان کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ٹریفک پولیس کی تنخواہ اور دیگر مروجہ مراعات موٹر وے پولیس کے مساوی کرنے کی سفارش آئی جی سندھ سے کی جس پر آئی جی سندھ نے قابل عمل سفارشات پر مشتمل دستاویز برائے ملاحظہ و ضروری اقدامات ارسال کرنے کے احکامات دیئے۔

متعلقہ عنوان :