پنجاب میں چھوٹو گینگ نے کسانوں کی حالت ابتر کردی ہے ٗبلاول بھٹو زر داری

پوٹھوہار میں عوام کو جائز حقوق نہیں دیے جارہے لوگوں کو حقوق دلانے کیلئے نکلا ہوں ٗکارکنوں سے خطاب

پیر 30 مئی 2016 18:28

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں چھوٹو گینگ نے کسانوں کی حالت ابتر کردی ہے۔ گوجر خان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پوٹھوہار میں عوام کو جائز حقوق نہیں دیے جارہے لوگوں کو حقوق دلانے کیلئے نکلا ہوں۔ پوٹھوہار کی مٹی میں میری ماں کا خون شامل ہے تخت رائے ونڈ کا بجٹ پوٹھوہار ریجن سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزگارکے مواقع پیدا کرنا بے نظیر بھٹو کا خواب تھامسلم لیگ (ن )کی پالیسیوں نے ملک کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے پنجاب سمیت ملک بھر میں بے روزگاری عروج پر ہے اور آج نوجوان روزگار کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔قبل ازیں بلاول بھٹو قافلے کی شکل میں ایف ایٹ اسلام آباد سے روانہ ہوئے تو ان کی گاڑی پر کارکنوں نے پھول برسائے ۔

(جاری ہے)

جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پررقص کیا۔ جی ٹی روڈ پرپہنچے تو قافلہ بڑا ہوتا گیا ۔ روات کے قریب جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔گوجر خان میں بھی جیالوں کی بڑی تعداد نے بلاول بھٹو کے قافلے کااستقبال کیا ۔ سوہاوہ میں بھی قافلے کاپرتپاک استقبال ہوا۔ دینہ میں بلاول بھٹوزرداری کے استقبال کے لیے قمر زمان کائرہ کی ریلی بھی لالہ موسیٰ پہنچی ۔ ریلی کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا رش بڑھ گیا، مسافروں کومشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔

متعلقہ عنوان :