کراچی میں بدامنی میں ملوث24 تخریب کاروں کی فہرستیں تیارکر لی گئیں

پولیس کو بھیجی گئی ان فہرستوں میں تخریب کاروں کے پتے انٹیلیجنس رپورٹس اور ان کے موبائل فون نمبرز بھی شامل ہیں

پیر 30 مئی 2016 17:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) روشنیوں کے شہر کراچی میں بدامنی میں ملوث24 تخریب کاروں کی فہرستیں تیارکر لی گئی ہیں۔ رواں سال بنائی گئی انٹیلی جنس رپورٹس کی روشنی میں بنائی گئی فہرستیں پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ٹیکنیکل سرویلینس شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے رواں برس مرتب کی گئی انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر بد امنی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگز میں ملوث 24 تخریب کاروں کی فہرستیں تیار کر لی ہیں پولیس کو بھیجی گئی ان فہرستوں میں تخریب کاروں کے پتے انٹیلیجنس رپورٹس اور ان کے موبائل فون نمبرز بھی شامل ہیں۔

فہرست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کھوکھرا پار کا رہنے والا تخریب کار مظہر سہیل 15 برس سے شہر کے مضافات میں روپوش ہے یہ ملزم دہشت گردوں کو اسلحہ فراہم کرتا ہے اور اسٹریٹ کرائمز کی سیکڑوں وارداتوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

فہرست میں پولیس کانسٹیبل شہزاد کے نام سے منسلک انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اہلکار اپنے بیٹے شمشاد کے ساتھ مل کر پولیس کے نام پر تاجروں سے بھتے لیتا ہے۔

کھوکھراپار کا حکیم صدیقی اور ذوالفقار فشریز میں آنے والی گاڑیوں سے بھتہ وصولی کر تے ہیں۔ فہرست میں کالعدم تحریک طالبان کے دو بھتہ خوروں کی تفصیلات بھی شامل ہیں جس کے مطابق حاجی رزاق اور حاجی آصف نامی کارندے مختلف ذرائع سے بھتہ وصولی کے بعد رقوم کالعدم تنظیموں کو پہنچا رہے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل تخریب کاروں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس اور ٹیکنیکل سرویلینس شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :