وزیر اعظم کے خاندان سے زیادہ پاکستان کو نوازشریف کی ضرورت ہے: رانا ثنا اللہ

پیر 30 مئی 2016 14:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی صحت کیلئے دعا گو ہیں وزیر اعظم کے خاندان سے زیادہ پاکستان کو نوازشریف کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم سرجری کے تین چار دن بعد اس قابل ہوجائیں گے کہ امور سلطنت چلاسکیں۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمات کا اندراج بعض صورتوں میں ہوجاتا ہے، سسٹم کلین ہوگا تو جھوٹا مقدمہ خارج ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

کوئی مظلوم بغیر سفارش کے تھانے آتا ہے تو اس کی شنوائی نہیں ہوتی پنجاب میں زمین کے مالکانہ حقوق کے حوالے سے کرپشن کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور پنجاب حکومت کا اگلا ہدف تھانہ کلچر میں تبدیلی ہے جس کیلئے فرنٹ ڈیسک قائم کیے جارہے ہیں۔ فرنٹ ڈیسک کے ذریعے تھانہ کلچر تبدیل ہوگا اور 200 تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کردیا گیا ہے جبکہ دسمبر تک پنجاب کے تمام تھانوں میں یہ سسٹم شروع ہوجائے گا۔ فرنٹ ڈیسک سائلین کی شکایت سنے گا اور انہیں ایک نمبر دے گا جس کے بعد شکایت ملنے پر تھانہ خود مظلوم سے رابطہ کریگا۔