ذاتی عناد اور خواہشات پر مبنی پالیسی میں بدحال سیاست لمحہ فکریہ ہے،رانا ثناء اللہ

پیر 30 مئی 2016 14:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو ٹی او آرز میں الجھنے کے بجائے ذاتی سوچ اورمفادات کو بالائے طاق رکھ کر ملک و قوم کی بہتری کے لئے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ، ذاتی عناد اور خواہشات پر مبنی پالیسی میں بدحال سیاست ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ‘ قوم کو صحیح راستہ دکھانے کی بجائے انتشار کی طرف لے جانا قومی خدمت نہیں ۔

وہ فیصل آباد پریس کلب میں نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے چھٹی مرتبہ صحافی کالونی کے قیام پر تیزی سے عملدرآمد کرانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کارکن صحافیوں کو یہ جائز حق فراہم کرنے میں بھر پور تعاون کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پریس کلب کے ترقیاتی امور کے لئے تخمینہ جات کے مطابق 68 لاکھ روپے کے فنڈز وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے آئندہ بجٹ میں منظور کرانے کی یقین دیانی کروائی، اس موقع پر ایم این اے حاجی اکرم انصاری ‘ سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام ، پریس کلب کے نومنتخب صدر اعجاز انصاری ،سیکرٹری جی اے تنویر ، رانا حبیب الرحمن ‘ ریاض ملک شاہد علی نے بھی خطاب کیا صوبائی وزیر قانون نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی میں صحافی کالونی کے بلاک کے لئے ایف ڈی اے کی گورنگ باڈی سے منظوری ہو چکی ہے ‘کارکن صحافیوں کی فہرست ملنے کے بعد اس پر محکمانہ اقدامات کئے جائیں گے ۔

انہوں نے معاشرے میں صحافیوں کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک فعال طبقہ کی حیثیت سے قومی و انتظامی حالات پر گہری نظر رکھتے اور رائے سازی کرتے ہیں جنکا پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے آسودہ ذہن ہونا اشد ضروری ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی ۔ انہوں نے پاکستان کے موجودہ اندرونی و بیرونی حالات کا ذکر ہوئے دعا کی کہ الله تعالی وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے کیونکہ فیملی اور پاکستان مسلم لیگ سے بڑھ کر ان کی پوری قوم اورپاکستان کو ضرورت ہے جو عالمی شناخت رکھتے ہیں اور وہ پاکستان کو لوڈشیڈنگ ‘ دہشت گردی اور دیگر بحرانوں سے نکالنے ‘ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے لئے کوشاں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :