ترک امدادی اداروں کی غزہ میں 1560 خاندانوں میں امداد سامان کی تقسیم

پیر 30 مئی 2016 14:37

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) ترکی کے امدادی ادارے’ہلال احمر‘ اور ترک ریلیف فاوٴنڈیشن’آفاد‘ نے مشترکہ طور پر فلسطین کے جنگ سے متاثرہ علاقے غزہ کی پٹی میں 1560 خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ یہ سامان 2014ء کی جنگ سے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترک خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترک ہلا احمر اور آفاد نے مشترکہ طور پر غزہ کی الشجاعیہ کالونی سے تعلق رکھنے والے 1560 کنبوں کے 8 ہزار افراد میں کھانے کا خشک سامان تقسیم کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں شہریوں میں امدادی سامان کی تقسیم ترک حکومت کی طرف سے محصورین غزہ کی امداد کے حوالے سے کئے گئے وعدوں پرعملدرآمد کا حصہ ہے۔ ترک حکومت نے 2015ء اور 2017ء کے دوران 200 ملین ڈالر کا امدادی سامان تقسیم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔