اسرائیلی خفیہ ادارے کا حماس کا خفیہ سیل پکڑنے کا دعویٰ

پیر 30 مئی 2016 14:37

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) اسرائیل کے داخلی سلامتی کے ذمہ دار ادارے’شاباک‘ کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کا ایک سیل پکڑا ہے۔

(جاری ہے)

مبینہ طور پر اس خفیہ سیل کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ساتھ ہے اور اس گروپ میں شامل فلسطینی مزاحمت کار بیت المقدس میں ایک یہودی بس میں بم دھماکوں میں ملوث ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شاباک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے زیرانتظام عسکری گروپ کے گرفتار کارکنوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے چند ہفتے قبل بیت المقدس میں ایک اسرائیلی بس میں بم دھماکہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ یہودی آباد کاروں اور فوجیوں کو اغواء کی بھی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔