ملا منصور کی ہلاکت کے بعد پاک افغان حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ

افغانستان کے سفیرحضرت عمرذخیل وال کی دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 30 مئی 2016 14:23

ملا منصور کی ہلاکت کے بعد پاک افغان حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30مئی۔2016ء) ملا منصور کی ہلاکت کے بعد پاک افغان حکومتوں کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوا ہے، افغانستان کے سفیرحضرت عمرذخیل وال نے دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی اور ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے سفیر حضرت عمر ذخیل وال کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا، دفتر خارجہ میں آدھا گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں مشیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان جاری مفاہمتی عمل کے حوالے سے بات چیت کی، ملاقات میں ڈرون حملے اور طالبان قیادت کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد یہ پہلا پاک افغان باضابطہ رابطہ ہے، ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل کے مستقبل سمیت پاک افغان تعلقات، سرحدی صورتحال اور نئی افغان قیادت کے بیانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خارجہ نے افغانستان سے ڈرون حملے پر پاکستان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔