شام میں حکومت مخالف گروہوں کے مرکزی مذاکرات کار کا امن مذاکرات کی ’ناکامی‘ کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان

پیر 30 مئی 2016 13:50

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) شام میں حکومت مخالف گروہوں کے مرکزی مذاکرات کار محمد علوش نے امن مذاکرات کی ’ناکامی‘ کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اعلیٰ مصالحتی کمیٹی (ایچ این سی) کے محمد علوش نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجے میں یہ تو کسی سیاسی سمجھوتے تک پہنا جا سکا اور نہ ہی محصور علاقوں میں رہنے والے شامیوں کی مشکلات میں کمی آئی۔

خیال رہے کہ ایچ این سی نے اقوام متحدہ کی ثالثی میں شام کی حکومت کے ساتھ جنیوا میں فریقین کو قریب لانے والی بات چیت سے اپریل کے مہینے میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ بات چیت کے دوبارہ آغاز کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔محمد علوش نے کہا کہ بات چیت کے تین دور حکومت کی ضد اور شامی شہریوں پر اس کی مسلسل بمباری اور جارحیت کی وجہ سے ناکام رہے۔

(جاری ہے)

سعودی نواز ایچ این سی مہینوں تک جنیوا مذاکرات کے متعلق اپنی مایوسی کا اظہار کرتی رہی۔محصور علاقوں تک امدادی سامان کی رسائی میں کمی ‘سیاسی قیدیوں کی رہائی میں سست روی اور بشار الاسد کے بغیر شام میں سیاسی منتقلی کی بات نہ ہونے پر ایچ این سی میں ناراضی پیدا ہو گئی تھی ۔محمد علوش کے استعفے سے مزید لوگوں کو تحریک ملنے کا امکان ہے۔اطلاعات کے مطابق ایچ این سی کے ایک دوسرے رکن نے بھی اپنے استعفیٰ کا عندیہ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :