افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا جائے گا ‘ بلغاریہ

پیر 30 مئی 2016 13:50

افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا جائے گا ‘ بلغاریہ

صوفیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) بلغاریہ کے حکام نے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے 53 افغان مہاجرین کو واپس یونان روانہ کیا جائے گا۔صوفیہ حکومت کے مطابق کسی کو غیر قانونی طور پر ملکی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا نے بلغاریہ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ یونان سے بلغاریہ میں داخل ہونے والے 53 افغان مہاجرین کو واپس روانہ کیا جائے گا، یہ افغان مہاجرین ایک کارگو ٹرین میں چھپ کر یونان سے بلغاریہ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم بعدازاں انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

بلغاری حکومت کے مطابق ان مہاجرین کو ملک بدر کرنا دراصل دیگر مہاجرین اور تارکین وطن کیلئے ایک سخت پیغام ہو گا کہ وہ کبھی بھی ایسا راستہ اختیار کرتے ہوئے بلغاریہ میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں۔واضح رہے کہ بلغاریہ اور یونان کے مابین سرحدیں 5 سو کلو میٹر طویل ہیں، بحیرہ ایجین سے براستہ ترکی یونان پہنچنے والے مہاجرین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مقدونیہ یا بلغاریہ سے ہوتے ہوئے آگے دیگر یورپی ممالک پہنچ جائیں