پی آئی اے کے سابق چیئرمین چوہدری احمد سعید کا کیبن کریو کیلئے یونیفارم شوزمفت دینے کا اعلان

کیبن کریو کیلئے مفت شوز کا اعلان اہم قدم ہے ، چوہدری احمد سعید نے اپنے سے بعد میں پی آئی اے کی سربراہی کرنے والوں کیلئے خدمات اور پائیدار بنیادوں پر کام کرنے کے معیار سیٹ کئے ہیں اور مشکل وقت میں پی آئی اے کا ساتھ دیا ہے ، وہ قومی ادارے کی بہتری اور ترقی کے خواہشمند ہیں،چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل

اتوار 29 مئی 2016 17:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) پی آئی اے کے سابقہ چیئرمین چوہدری احمد سعید نے پی آئی اے کیبن کریو کیلئے80لاکھ روپے کے یونیفارم شوزمفت دینے کا اعلان کردیا،چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا کہ کیبن کریو کیلئے مفت شوز کا اعلان اہم قدم ہے ، چوہدری احمد سعید نے اپنے سے بعد میں پی آئی اے کی سربراہی کرنے والوں کیلئے خدمات اور پائیدار بنیادوں پر کام کرنے کے معیار سیٹ کئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں پی آئی اے کے سابقہ چیئرمین چوہدری احمد سعید نے پی آئی اے کیبن کریو کیلئے80لاکھ روپے کے یونیفارم شوزمفت دینے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں خط چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل کے حوالے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایوی ایشن محمد عرفان الٰہی نے چوہدری احمد سعید کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ ان کے جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا کہ کیبن کریو کیلئے مفت شوز کا اعلان اہم قدم ہے ،انہوں نے کہا کہ چوہدری احمد سعید نے اپنے سے بعد میں پی آئی اے کی سربراہی کرنے والوں کیلئے خدمات اور پائیدار بنیادوں پر کام کرنے کے معیار سیٹ کئے ہیں اور انہوں نے ہر مشکل وقت میں پی آئی اے کا ساتھ دیا ہے اور وہ قومی ادارے کی بہتری اور ترقی کے خواہشمند ہیں۔

اس موقع پر چوہدری احمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات پر توجہ دے کر قومی ایئر لائن کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں حکومت یا پی آئی اے انتظامیہ کو ان کی جہاں پر ضرورت ہوگی وہ اپنا بھرپور کردار اداکریں گے۔تقریب میں پی آئی اے اور سروس انڈسٹریز کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبران اور اعلی انتظامی افسران نے شرکت کی۔پی آئی اے کی جانب سے چوہدری احمد سعید کو ان کی سربراہی کے دوران یادگار لمحات پر مشتمل تصویر ی البم پیش کی گئی۔(م ق)

متعلقہ عنوان :