چیچہ وطنی،ڈی سی او کی زیر صدارت پی ایچ اے بورڈ کا اجلاس،گھروں کی چھتوں پر نصب تشہیری بورڈزاتارنے کیلئے کارروائی کا فیصلہ

اتوار 29 مئی 2016 14:53

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مئی۔2016ء) ڈسٹرکٹ کوارڈ نیشن آفیسر ساہیوال آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ گھروں کی چھتوں پر نصب تشہیری بورڈزانسانی جان و مال کیلئے سخت خطرہ ہیں جنہیں فوری طور پر اتارنے کیلئے کارروائی شروع کی جا رہی ہے ۔گھروں پر بورڈ لگوانے سے پہلے ضروری ہے کہ سٹرکچر کی مضبوطی کا سرٹیفیکیٹ حاصل کیا جائے اور پی ایچ اے سے باقاعدہ طور پر منظوری لی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پی ایچ اے بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی جاوید علاؤ الدین کے علاوہ بورڈرکن نفیس صادق اور پی ایچ اے کے افسران رضوان نذیر ،پیر مشتاق احمد اور شفیق دوگر نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں غیر قانونی بورڈز کی حوصلہ شکنی کیلئے چھوٹے بورڈز کیلئے 15 ہزار اور بڑے بورڈز کیلئے 25 ہزار جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سرکٹ ہاؤس کے پاس 5 ایکڑ زمین پر پی ایچ اے نر سری قائم کرنے ‘ فریدیہ پارک میں منی زو اور کمپری ہنسو سکول چوک کے ساتھ خالی جگہ پر پارک اور ٹاور تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ مختلف مدات میں نظر ثانی شدہ شیڈول کی بھی منظوری دی گئی ۔پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل وڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے اجلاس کو بتایا کہ پی ایچ اے کیلئے مزید مشینری اور ٹینکر بھی خریدے جا رہے ہیں تا کہ پودوں کو وقت پر پانی دیا جا سکے ۔