وزیر اعظم کی بیرون ملک موجودگی کے دوران امور مملکت کے حوالے سے آئین میں واضح ہے ‘ رانا ثنااللہ

اوپن ہارٹ سرجری کے بعد ڈاکٹر مکمل بیڈ ریسٹ ، سفر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہیں،پوری قوم نواز شریف کیلئے دعا گو ہے ‘ وزیر قانون

اتوار 29 مئی 2016 13:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور راناثنا ء اللہ نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحتیابی کیلئے دعا گو ہے ، وزیر اعظم نے لندن میں قیام اپنی مرضی سے نہیں بلکہ ڈاکٹروں کے مشورے کی بنیادپر بڑھایا ہے ،وزیر اعظم کی بیرون ملک موجودگی کے دوران امور مملکت کے حوالے سے آئین میں واضح ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی آئینی پیچیدگیاں نہیں۔

ایک انٹر ویو میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی منگل کے روز اوپن ہارٹ سرجری ہے اور پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ اگر کسی شخص کی اوپن ہارٹ سرجری ہو جائے تو ڈاکٹر اسے مکمل بیڈ ریسٹ اور سفر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہیں اس لیے وزیر اعظم کو بھی آپریشن کے بعد لندن میں کچھ روز قیام کرنا پڑے گا اور ڈاکٹر وں کی طرف سے سفر کی اجازت ملتے ہی وہ ملک واپس آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بیماری کے باعث بیرون ملک ہونے کے باعث امور مملکت چلانے کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈہ کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے ۔ان کو عارضہ قلب لاحق ہے اور ان کایہ لندن میں قیام کرنے کا ایک حقیقی عذر ہے ، وزیر اعظم کی بیماری پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بیرون ملک موجودگی اور امور مملکت چلانے کے حوالے سے آئین میں واضح لکھا ہے اور اس حوالے سے میڈیا میں بھی آچکا ہے ۔