عرب لیگ نے لیبیا کی قومی حکومت کو تسلیم کرلیا

پارلیمنٹ اور وزیراعظم نے عرب لیگ کے اقدام کی مذمت کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 29 مئی 2016 13:09

عرب لیگ نے لیبیا کی قومی حکومت کو تسلیم کرلیا

قاہرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29مئی۔2016ء) عرب لیگ نے لیبیا میں مختلف دھڑوں پر مشتمل قومی حکومت کو ملک کی نمائندہ قرار دیتے ہوئے عرب وزراءخارجہ کے اجلاس میں لیبیا وزیرخارجہ کو حکومت کے سرکاری نمائندے کے طور پر قبول کر لیا ہے ،تاہم طبرق میں قائم لیبیا کی حکومت اور پارلیمنٹ نے اس پیش رفت کو مسترد کر دیا ہے۔عرب نشریاتی ادارے کے مطابق عرب لیگ کی جانب سے جاری کردہ تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی مخلوط قومی حکومت کو ملک کی نمائندہ قرار دیتے ہوئے اس کے مقرر کردہ محمد طاھر سیالہ کو لیبیا کے باضابطہ سفیر کے طور پر تسلیم کرتی ہے۔

عرب لیگ نے بھی لیبیا میں اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔قاہرہ میں عرب لیگ کے اجلاس کے موقع پر تنظیم کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی نے کہا کہ تمام عرب ممالک لیبیا میں سیاسی عمل کے حامی ہیں مگر عالمی اور علاقائی ممالک کی کوششوں سے فائز السراج کی سربراہی میں قائم کردہ حکومت کو ملک کی نمائندہ حکومت قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر لیبیا کی عقیلہ صالح کی قیادت میں قائم کردہ پارلیمنٹ اور ان کے وزیراعظم عبداللہ الثنی نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے نام اپنے مکتوب میں قومی حکومت کو ملک کی نمائندہ قرار دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے مکتوب میں نبیل العربی کو لکھا ہے کہ وہ لیبی قوم کو آپس میں تقسیم کرنے کی سازشیں بند کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قومی حکومت کو لیبیا کی حقیقی نمائندہ قرار دینے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور ان کی ذمہ داری عرب لیگ پرعائد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :