شناختی کارڈ کی ملک گیر تصدیق کے اعلان پر پی پی کی وزیرداخلہ پر کڑی تنقید

چوہدری نثار سندھ بالخصوص کراچی میں نادرا ملازمین اور ایجنٹ مافیا کو قانون کے کٹہرے میں لائیں، پی پی اراکین اراکین صوبائی اسمبلی

ہفتہ 28 مئی 2016 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین صوبائی اسمبلی خیرالنساء مغل، شمیم ممتاز اور شاہینہ شیرعلی نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے قومی شناختی کارڈ کی ازسر نو تصدیق کے عمل پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے اسے عجلے میں کیا جانے والا فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے عوام کو نئی مصیبت میں دھکیل رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی جیسے شہر میں ایجنٹ مافیا اور نادرا افسران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے ایک ایسا مافیا سامنے آچکا ہے جو دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہا ہے لیکن وفاقی وزیرداخلہ نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں جو لوگ دوسرے صوبوں سے بالخصوص فاٹا اور پاٹا سے آکر رہ رہے ہیں اور غیرملکیوں کے شناختی کارڈ کی از سرنو تصدیق کی جانی چاہیے اور اس کام کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کام لیا جانا چاہیے کہ وہ گھر گھر جاکرتصدیق کا عمل مکمل کریں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کراچی میں پہلے ہی چالیس کے قریب علاقوں کو بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے لہذا ان علاقوں میں نادرا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر تصدیق کے عمل کو آگے بڑھائے نہ کہ کروڑوں عوام کو نئی مصیبت میں ڈالا جائے۔انھوں نے وفاقی وزیرداخلہ سے بھی درخواست کی کہ وہ کراچی میں نادرا ملازمین اور ایجنٹ مافیا کی کارستانیوں کا نوٹس لیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیں کہ وہ اس مافیا کو قانون کے شکنجے میں لائے اور عوام کی پریشانیوں کا ازالہ کریں۔