ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے،ڈاکٹر عطاء اﷲ

ہفتہ 28 مئی 2016 21:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اور آل پاکستان پیرامیڈیکل فیڈریشن بلوچستان کا اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا چوتھے روز بھی جاری رہا دھرنے سے ڈاکٹرعطا اﷲ بزنجو ،پیرامیڈیکل کے صوبائی جنرل سیکرٹری رحمت دہوار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات کی منظوری اور نوٹیفکیشن کے جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے حکومت سے مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے جس کا حتمی اجلاس پیر کے دن ہوگا ہماری امید کی آخری کرن وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری ہیں اور ہم امید رکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ بلوچستان پیر تک ہمارے مطالبات کے حل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ہفتہ کو ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے دھرنے میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال ،بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے مرکزی رہنماؤں اختر حسین لانگو،آغا حسن بلوچ ،ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ شامل تھیں سابق صوبائی وزیر خوراک اسفند یار کاکڑ، صدرانجمن تاجران امر الدین آغا، بی ایس او کے مرکزی جنرل سیکرٹری منیر جالب بلوچ نے کیمپ آکر ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیدیکس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اورمکمل تعاون کا یقین دلایا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے مسائل فی الفور حل کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :