سیاسی و عسکری قیادت انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ایک پیج پرہیں ‘محمد رفیق رجوانہ

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک کو دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنایا ہے اور اب ملک کو معاشی لحاظ سے مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے‘گور نرپنجاب کا تقر یب سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک کو دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنایا ہے اور اب ملک کو معاشی لحاظ سے مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ،ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے اور ملک کی موجودہ سیاسی و عسکری قیادت انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ایک پیج پرہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروزوالہ تحصیل بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب نمائندوں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور ممبر قومی اسمبلی رانا افضال حسین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔گورنر پنجاب نے کہاکہ وکلاء برادری معاشرے کا اہم حصہ ہیں ، انصاف کی فراہمی کو موثر بنانے کے لیے ان کا کردار قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وکلاء کو اپنے پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے وقت اس بات کا خیال رکھناچاہیے کہ انصاف کے حصول کے لیے ٹھوکریں کھانے والے سائلین کی اﷲ کے بعد سب سے بڑی امید ان سے وابستہ ہوتی ہے اور آپ کو اپنی پیشہ وارانہ دمہ داریاں پوری کرتے وقت مظلوم اور محروم طبقے کا خیال رکھنا چاہیے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء اپنی پیشہ وارانہ خدمات انجام دیتے وقت اعلی اقدارکو ملحوظ خاطر رکھیں اور ہمیشہ آئین و قانون پر عمل کریں ۔

سینئر وکلاء کو اپنے جونیئروکلاء کو بھی ساتھ لے کر چلنا چاہیے اور ان کی ہر قدم پر رہنمائی کرنی چاہیے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت معاشرے کے دوسرے شعبوں کی طرح وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر اقدامات کر رہی ہے اور ڈسٹرکٹ اورتحصیل کی سطح پر بلاتفریق بارز ایسوسی ایشن کو فنڈ زکی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ وکلاء کی استعداد کا رمیں اضافے اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام وسائل بروئے کا رلائے جا رہے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج اﷲ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے ، توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد میگامنصوبوں پر کام جاری ہے اور انشاء اﷲ 2018ء تک بجلی کے بحران پر مکمل طور پر قابو پا لیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کراچی کی روشنیاں بحال ہوئی ہیں جبکہ ملک میں اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے فیروز والہ تحصیل میں کمپیوٹر لیب ، واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پروفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دی ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پوری قوم مسلم لیگ (نون ) کی سیاسی قیادت کے ساتھ ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں لیگی امیدواروں کی کامیابی اس بات کا عملی ثبوت ہے ۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر فیروز والہ تحصیل بارایسوسی ایشن کے نومنتخب نمائندوں سے حلف بھی لیا ۔