رینجرز کی چوکیوں پر حملے کرنے والے 3ملزمان کو رینجرز نے شاہ فیصل کالونی کے علاقے سے گرفتار کرلیا

گرفتار ملزمان میں احسن عرف ایس پی ،عبید عرف کالا اور اسد اﷲ شامل،عدالت نے 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (الطاف) کے عسکری ونگ شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 108سے ہے،حملے پارٹی کی ہائی کمان کے حکم پر کئے گئے ،ترجمان رینجرز

ہفتہ 28 مئی 2016 20:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) کراچی میں رینجرز کی چوکیوں پر حملے کرنے والے 3ملزمان کو رینجرز نے شاہ فیصل کالونی کے علاقے سے گرفتار کرلیا ہے ۔گرفتار ملزمان میں احسن عرف ایس پی ،عبید عرف کالا اور اسد اﷲ شامل ہیں ۔ملزمان نے رینجرز چوکیوں پر دستی بم حملوں کا اعتراف کرلیا ہے ۔رینجرز نے ملزمان کا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 90روزہ ریمانڈ حاصل کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں ۔

ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر شاہ فیصل کالونی نمبر 4کے مختلف علاقوں میں عسکری ونگ کے مشتبہ مقامات پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں 3خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ملزمان میں سید احسن سلیمان عرف ایس پی ،محمد عبیداﷲ صدیقی عرف حبیب کالا عرف پاگل اور اسد اﷲ صدیقی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم (الطاف) کے عسکری ونگ شاہ فیصل سیکٹر یونٹ 108سے ہے ۔

ملزمان نے 29جنوری کو ناظم آباد میں رینجرز چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا ۔ملزمان نے 18اور 23مارچ کو بھی کورنگی میں رینجرز کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔ان حملوں میں رینجرز کے 3جوان زخمی ہوئے تھے ۔رینجرز پر حملوں کے لیے ملزمان کا6رکنی گروپ تشکیل دیا گیا تھا ۔ترجمان رینجرز کے مطابق حملوں کا مقصد رینجرز آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کا بدلہ لینا تھا ۔ملزمان نے رینجرز پر حملے پارٹی ہائی کمان کے حکم پر کیے ۔ملزمان نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،جلالؤ گھیراؤاور لینڈ گریبنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے ۔ملزمان کے 3ساتھی ریحان کانا ،ذیشان عرف ٹیشو اور سلیمان مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔