افتخار چوہدر ی نے کسی آئینی بحران سے بچنے کیلئے فوری دوسرے وزیراعظم کے تقرر کامطالبہ کردیا

نوازشریف سرجری کے دوران امور مملکت کیسے چلا سکتے ہیں،وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں کسی وزیر یا سینئر وزیرکو ان کے اختیارات نہیں دیئے جاسکتے،آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کو کوئی ذکر نہیں ،پاکستان ایٹمی ملک ہے جو وزیراعظم کے بغیر نہیں چل سکتا،ملک میں ڈرون حملے ہورہے ہیں،جنگ یا ایمرجنسی میں صرف وزیراعظم ہی صدر کو تجاویز بھیج سکتاہیں، چیف جسٹس یا آرمی چیف سمیت دیگر کی اہم تقرریاں بھی صرف وزیراعظم کرسکتاہے جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 28 مئی 2016 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہاہے کہ اپنی سرجری کے دوران وزیراعظم نوازشریف امور مملکت کیسے چلا سکتے ہیں،آئینی بحران سے بچنے کے لئے فوری دوسرے وزیراعظم کا تقرر کیا جائے ، وزیر اعظم کی عدم موجودگی میں کسی وزیر یا سینئر وزیرکو وزیراعظم کے اختیارات نہیں دیئے جاسکتے،آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کو کوئی ذکر نہیں ہے ،پاکستان ایٹمی ملک ہے جو وزیراعظم کے بغیر نہیں چل سکتا،ملک میں ڈرون حملے ہورہے ہیں۔

وہ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کا وزیر اعظم کی جگہ کا م کا نوٹیفکیشن نہیں دیکھا،اگر کوئی ایسا نوٹیفکیشن ہے تو صریحاً آئین کے خلاف ہے،جنگ یا ایمرجنسی میں صرف وزیراعظم ہی صدر کو تجاویز بھیج سکتاہیں، اگر کوئی اہم تقرری کرنی ہو جیسے چیف جسٹس یا آرمی چیف ، تو وہ صرف وزیراعظم کرسکتاہے ۔

(جاری ہے)

ا گر وزیراعظم بیمار ہیں اور اسی دن ایسا کوئی واقعہ ہوجاتاہے تو کیا آپ انتظار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پا کستان کے آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی ذکر نہیں ہے،پاکستان چاروں طرف سے دشمنوں میں گھیرا ہوا ہے،پاکستان ایٹمی ملک ہے،وزیراعظم کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،لہذا آئینی بحران سے بچنے کے لئے دوسرے وزیراعظم کا تقررکیا جائے۔افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ دعاگوہیں کہ وزیراعظم جلد صحت یاب ہوجائیں، وزیراعظم سے ذاتیات کی بات نہیں،آئین کا معاملہ ہے،وزیریا سینئر وزیرکو وزیراعظم کے اختیارات نہیں دیئے جاسکتے،اگر صد ر ملک سے باہر جاتے ہیں تو سینیٹ چیئرمین قائم مقام صدر بن جاتے ہیں اگر چیف جسٹس ملک سے باہر جاتے ہیں تو سپریم کورٹ کے سینئر جج کو قائم مقام عہدہ دیا جاتاہے،ملک میں ڈرون حملے ہورہے ہیں،وزیراعظم کسی سینئر وزیر کو اپنا اختیار کیسے دے سکتے،اپنے آپریشن کے دوران وزیراعظم امور مملکت کیسے چلاسکتے ہیں۔