وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔ علی اکبر گجر

یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، ہمیشہ شایان شان طریقے سے مناتے رہیں گے اٹھارہویں ”یوم تکبیر“ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد گفتگو

ہفتہ 28 مئی 2016 18:43

کراچی ۔ 28 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ 28 مئی کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں دھماکے کر کے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا تھا، یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، اس لئے ہم اسے ہمیشہ شایان شان طریقے سے مناتے رہیں گے، قوم کو مسلم لیگ (ن) کے اس کارنامے پر ناز ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا یہ کارنامہ تاریخ کے اوراق میں سنہری حرفوں سے لکھا جائے گا، آج اگر ہم ایٹمی قوت نہ ہوتے تو شاید دشمن ہمارا وجود کسی صورت برداشت نہ کرتا اور ہمارا مستقبل غیر محفوظ رہتا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں اٹھارہویں ”یوم تکبیر“ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری سندھ حاجی صالحین تنولی، ضلع ساؤتھ کے صدر سلطان بہادر، ضلع کونگی کے صدر علی عاشق گجر، ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری اسلم خٹک ایڈوکیٹ، سندھ لائرز فورم کے صدر غلام مصطفی ایڈوکیٹ، علماء مشائخ ونگ سندھ کے صدر سید اظہر شاہ ہمدانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ یہ ملک مسلم لیگ نے بنایا تھا اور اس کا دفاع بھی مسلم لیگ نے یقینی بنایا ہے۔