فلم ''مالک ''پر پابندی کیس میں عدالت سے غلط بیانی کرنے پر وفاقی حکومت اور وفاقی فلم سنسر بورڈ کے ذمہ دار افسروں کے خلاف کاروائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

Mohammad Ali IPA محمد علی ہفتہ 28 مئی 2016 17:23

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مئی۔2016ء ) فلم ''مالک ''پر پابندی کیس میں عدالت سے غلط بیانی کرنے پر وفاقی حکومت اور وفاقی فلم سنسر بورڈ کے ذمہ دار افسروں کے خلاف کاروائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزاراظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ فلم سنسر بورڈ پنجاب نے مالک فلم کی نمائش کی اجازت دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت اور وفاقی فلم سنسر بورڈ نے جھوٹی عوامی شکایات کو جواز بناتے ہوئے غیر قانونی طور پر فلم مالک کی نمائش پر پابندی عائد کی،درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت اور فلم سنسر بورڈ کی جانب سے عدالت میں بھی جھوٹ بولا گیا اور عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی جو کہ واضح طور پر توہین عدالت ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کو گمراہ کرنے والے ذمہ دار افسروں کے خلاف فوجداری کاروائی کا حکم دیا جائے اور فلم کی نمائش پر عائد پابندی ختم کرنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔